سوات ،10سال قبل قائم ہونیوالی سائنس فارنزک لیبارٹری کی پشاور منتقلی کیخلاف لوگوں کا سڑکوں پر احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 23 مارچ 2024 20:20

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) سوات میں 10سال قبل قائم ہونے والی سائنس فارنزک لیبارٹری کی پشاور منتقلی کے خلاف علاقے کے لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور زبردستی منتقلی کی صورت میں شدید مزاحمت کا اعلان کیا ۔ ہفتے کے روز کے پی پولیس کی جانب سے سوات میں لنڈاکے کے مقام پر بیرونی تعاون سے قائم ہونے والی سائنس فارنز ک لیبارٹری کی پشاور منتقلی کی خبر سنتے ہی علاقے کے عمائدین نے احتجاج کیا اعلان کیا ۔

مظاہرین کی قیادت تحصیل بریکوٹ کے عمائدین متصرف خان ، طارق حسین ، محمد شہاب ،امیر زیب خان ،بخت بلند کاکا کررہے تھے ۔ مظاہرین نے لیبارٹری کے مین گیٹ کے سامنے دھرنا دیا اور واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت سوات میں قائم ہونے والی اس فارنزک لیباٹری اور اس میں موجود قیمتی آلات کو منتقل نہیں ہونے دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس لیبارٹری کو فوری طور پر فعال بناکر اس میں عملے کو تعینات کیا جائے کیونکہ یہ یواین ڈی پی کی جانب سے سوات کے لئے ایک تحفہ دیا گیا تھا اور ہم کسی صورت اس کو منتقل نہیںہونے دیں گے ۔

بعدازاں آئی جی خیبر پختونخوا اخترحیات خان نے عوامی احتجاج پر فوری نوٹس لیتے ہوئے منتقلی کے عمل کو روک دیا ۔علاقے کے مشران نے اے ایس پی سوات غلام صادق خان سے بھی مذاکرات کئے اور انہوں نے بھی عوام کو یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔