گ*رمضان المبارک اہل ایمان کے لیے اللہ رب العزت کا بہت بڑا احسان اور عظیم تحفہ ہے

ی* انفرادی، اجتماعی، سماجی اصلاح کے لیے رمضان کی برکات بڑا لائحہ عمل ہی: لیاقت بلوچ

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:10

ذ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2024ء) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے لاہور کینٹ میں افطار پروگرام اور منصورہ میں سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا سے علماء اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اہل ایمان کے لیے اللہ رب العزت کا بہت بڑا احسان اور عظیم تحفہ ہے۔ انفرادی، اجتماعی، سماجی اصلاح کے لیے رمضان کی برکات بڑا لائحہ عمل ہے۔

ماہِ رمضان میں روزہ رکھنا بھی انسانیت کی تکریم کا وہ عظیم عمل ہے کہ امیر و غریب سب ایک ہی عمل سے گزرتے ہیں، جس سے ہمدردی، خیرخواہی اور بے وسیلہ لوگوں کی مدد کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ الحمدللہ پورے ملک میں افطار دسترخوان اور مساجد میں قرآن سننے کے لیے اہل ایمان کا بڑا رجوع اور جذبہ ہے۔لیاقت بلوچ نے جامع مسجد احسان الرحیم میں نماز جمعہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں بھی غزہ کے عوام آتش آہن کی موسلادھار بارش کا شکار ہیں. پوری دنیا میں مسلمان ماہ رمضان کی رحمتیں، برکتیں اور معفرت سمیٹ رہے ہیں لیکن اہل غزہ خوفناک ظلم و بربریت کے ذریعے موت کے منہ میں دھکیل دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے میں مسلم دنیا کے حکمرانوں کی بے حمیتی، بے غیرتی، بزدلی اور بیشرمی لمحہ فکریہ اور عالمِ اسلام کے لیے بڑا روگ بن گئی ہے۔ انتشار، تعصبات اور نفرت نہیں بلکہ اتحادِامت اور اسلام کے جھنڈے تلے متحد ہوجانا ہی مسلمانوں کی نجات کا واحد راستہ ہے۔ امریکہ اسرائیل کی ناجائز سرپرستی کررہا ہے، روس اور چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی قرارداد ویٹو کرکے اہلِ غزہ و فلسطین کے خلاف امریکی و اسرائیلی عزائم ناکام بنادیے ہیں۔

عالمی ضمیر اور عالمی قوتوں کے لیے اصل چیلنج یہی ہے کہ غزہ میں فی الفور جنگ بندی کی جائے اور اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی، انسان کشی کی سزا دی جائے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ 23 مارچ کو افواجِ پاکستان کی دفاعِ پاکستان کے لیے پریڈ کا مظاہرہ تو شاندار رہا، عوام کو خوشی اور اطمینان ہوا، لیکن افواجِ پاکستان کی قیادت اس امر پر بھی غور کرے کہ فوج اور سول اسٹیبلشمنٹ کا ملکی سیاسی معاملات میں کردار افواج اور ;عوام میں دوریاں اور مایوسیاں پیدا کررہا ہے۔ یومِ جمہوریہ پاکستان کا حق یہ ہے کہ عوام کو آزادانہ اور غیرجانبدارانہ بنیاد پر اپنی قیادت کے انتخاب کا حق ملے۔