سیاسی جماعتوں کی تنقید کے بعد بھارتی فوج کا یکساں سول کوڈ پر سمینار منسوخ

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے کشمیر یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں 26 مارچ کو ایک سمینار منعقد ہونے والا تھا تاہم سیاسی جماعتوں کی تنقید کے بعد یہ سیمینار منسوخ کردیاگیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں بھارتی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ایم کے ساہو نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی میں26مار چ کو منعقد ہونے والے ''کشمیر جورسٹ سمینار ''کو مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے پیش نظر منسوخ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے یکساں سول کوڈجیسے حساس معاملے پربھارتی فوج کی مداخلت پر سوالات اٹھائے تھے۔عمر عبداللہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ کشمیر جیسے حساس علاقے میں یکساں سول کوڈ جیسے معاملے پر فوج کی جانب سے اس طرح کا پروگرام منعقد کرنا مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیمینار کا انعقاد بھارتی فوج کے غیر سیاسی اور غیرمذہبی رہنے کے بنیادی اصولوں کے لئے خطرہ ہے۔نیشنل کانفرنس نے اس معاملے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا سے فوری مداخلت کی بھی درخواست کی تھی۔