فلسطین پر مظالم جمہوریت اور عالمی انصاف کے منہ پر طمانچہ ہے،ایازصادق

مسلم دنیا کو ادراک کرنا ہو گا کہ مسلمانوں کی نسل کشی میں نیتن یاہو اور مودی سرکار کا باقاعدہ گٹھ جوڑ ہے،سپیکرقومی اسمبلی کا148ویں بین الپارلیمانی یونین سے خطاب

اتوار 24 مارچ 2024 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ فلسطین میں جاری مظالم پر بین الاقوامی برادری کی مجرمانہ خاموشی جمہوریت اور عالمی انصاف کے منہ پر طمانچہ ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 148ویں بین الپارلیمانی یونین سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں بے بس فلسطینی بچوں، خواتین، بزرگوں، نوجوانوں اور نہتے افراد پر اسرائیلی بربریت اور انسانیت سوز مظالم دنیا کی خود ساختہ مہذب اقوام کی منافقت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہاکہ طاقت کا بے دریغ استعمال غزہ سے لے کر کشمیر کی وادیوں تک عالمی اداروں کی ناک کے نیچے جاری ہے اور دنیا خاموش تماشائی ہے، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے، بھلے یہ دہشتگردی انفرادی ہو یا ریاستی۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل اور بھارت دہشتگرد ریاستیں ہیں جو فلسطینیوں اور کشمیر کے مظلوم عوام پر عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہیں، غزہ کے حالیہ واقعات کلی طور پر نسل کشی اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ میں شہریت کے حقوق سے محروم کئے جانے سے لے کر خواتین کی بے حرمتی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے تک دہلی سرکار کی فسطائیت دنیا کے سامنے ہے، مسلم دنیا کو ادراک کرنا ہو گا کہ مسلمانوں کی نسل کشی میں نیتن یاہو اور مودی سرکار کا باقاعدہ گٹھ جوڑ ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان عوام کی حقیقی آواز ہیں، مغربی حکومتیں اگرچہ اپنے عوام کے جذبات کے بر خلاف اسرائیل کی سرپرستی کر رہی ہیں لیکن پارلیمان کو اپنے عوام کی آواز بننا چاہئے، پارلیمانی سفارتکاری سے دنیا میں امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔