ماسکو حملوں کے بعد ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع‘ سینٹ پیٹرزبرگ کے مال کو بھی بم کی اطلاع پر خالی کروالیا گیا

کنسرٹ پر ہونے والے حملے میں ہلاک شدگان کی یاد میں آج پورے روس میں پرچم کو سرنگوں کیا گیا‘یوکرینی سرحدپر روسی افواج کے حملوں میں اضافہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 24 مارچ 2024 23:33

ماسکو حملوں کے بعد ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع‘ سینٹ پیٹرزبرگ کے مال کو ..
ماسکو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 مارچ۔2024 ) روس کے دارالحکومت ماسکو کے شیریمیٹیو ہوائی اڈے پر ایک مسافر کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے اپنے بیگ میں بم کا دعوی کیا تھا روسی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حکام نے طیارے میں بم کی موجودگی کی اطلاع کے بعد ماسکو سے یریوان کے لیے پرواز کو موخر کردیا.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس جائے حادثہ پر موجود تھی ضروری اقدامات کیے گئے ہیں تاہم اس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں دریں اثناءروس کے معروف سیاحتی شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے ایک مال کو بم کی اطلاع کے بعد خالی کرالیا گیا ہے سکیورٹی فورسز بموں کے لیے مال کی تلاشی لے رہی ہیں ذرائع ابلاغ نے تصدیق کی کہ سینٹ پیٹرزبرگ کے ایک شاپنگ سینٹر میں بم کی اطلاع کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے.

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب گذشتہ روز ماسکو میں ایک کنسرٹ پر ہونے والے حملے کے بعد آج ملک بھر میں پرچم کو سرنگوں کیا گیا اس حملے میں جمعہ کو کروکس سٹی ہال کمپلیکس میں ہلاک ہونے والے 150 سے زائد افراد کی یاد میں ملک بھر میں سوگ منایا جا رہا ہے واضح رہے کہ جمعہ کی شام ماسکو کے مضافات میں واقع کروکس سینٹر پر متعدد مسلح افراد نے دھاوا بول دیا اور ہال میں موجود سامعین پر قریب سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 152 سے زائد شہری ہلاک ہو گئے.

روسی فیڈرل سکیورٹی سروس نے کہا کہ اس کے ڈائریکٹر الیگزینڈر بورٹنیکوف نے صدر ولادیمیر پوتین کو 11 افراد کی گرفتاری سے آگاہ کیا جن میں 4 دہشت گرد بھی شامل تھے جنہوں نے کروکس شاپنگ سینٹر پر حملے میں براہ راست حصہ لیا جبکہ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے کل ہفتے کو ایک ٹیلی ویژن تقریر میں اعلان کیا کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ یوکرین کی جانب سے حملے کے مرتکب افراد کے لیے سرحد پار پر راستہ بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی.

انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ حملے کے پیچھے ملوث ہر ایک کی شناخت کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا انہوں نے چوبیس مارچ کو ملک میں قومی سوگ کااعلان کیا ہے‘ ماسکو کے کنسرٹ ہال میں حملے کے بعد اتوار کو ملک بھر میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا گیا تھافرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپ میں ہونے والا یہ مہلک ترین حملہ تھا جس کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم”داعش“ نے قبول کی ہے روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے دہشت گرد حملہ کرنے والوں کو سزا دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار مسلح افراد کو یوکرین فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا ہے شدت پسند تنظیم داعش نے ہفتے کو ٹیلی گرام چینلز پر ایک منٹ اور 31 سیکنڈز کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں کنسرٹ ہال پر حملہ کرنے والے شدت پسندوں میں سے ایک کو ہال میں داخل ہوتے ہوئے لوگوں پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے.