مہنگائی پر قابو پانا اور تجارت میں بہتری موجودہ حکومت کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔وفاقی وزیر جام کمال

پیر 25 مارچ 2024 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانا اور تجارت میں بہتری موجودہ حکومت کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔ یہ بات انہوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے ملکی ترقی کے لیے دعا بھی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کٸے۔انہوں نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوٸے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر مہنگائی کے چیلنج سے نمٹنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت موجودہ صورتحال پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ان مسائل کو حل کرلے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومتوں کو طلب اور رسد کے سلسلے میں توازن پیدا کرنے کی کوششیں کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ تجارت میں بہتری ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت اور ملک میں سرمایہ کاری کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی گئی ہے۔جام کمال نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کے ساتھ جڑنا ہے،افریقہ ایک بڑا موقع تھا، جسے اب تک استعمال نہیں کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کو کابینہ میں شامل کرنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں نے حکومت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔کراچی کی تاجر برادری کے مسائل کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے حقیقی مسائل حل ہونے چاہئیں۔