لاہور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستیں نہ دینے کیخلاف سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر تحریری فیصلہ سنا دیا

پیر 25 مارچ 2024 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے مخصوص نشستیں نہ دینے کیخلاف سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر تحریری فیصلہ سنا دیا،عدالت نے لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردی،عدالت نے لکھا کہ سندھ اور پشاور ہائیکورٹ میں بھی لارجر بینچ بن چکا ہے،درخواست گزار سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں کے لیے چار خطوط لکھے تھے، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں دینے کی بجائے درخواست کو ابتدائی طور پر سماعت کے لیے مقرر کردیا،الیکشن ایکٹ کے مطابق جیتنے والے امیدواروں کے حساب سے مخصوص نشستیں سیاسی جماعت کو ملیں گی، استدعا ہے کہ عدالت دیگر سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستیں دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے،سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ اس طرح کی درخواست پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے، اس پر ابھی فیصلہ محفوظ ہے،موجودہ درخواست میں ایڈووکیٹ جنرل کا جواب آچکا ہے،وہ سپریم کورٹ میں دوسرے کیس کے حوالے سے مصروف ہیں اس لئے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے،عدالت نے استفسار کیا کہ آپ عدالتی حکم کے بغیر ہی عدالت میں آ گئے ہیں، پشاور ہائیکورٹ کی پٹیشن خیبرپختونخوا کی حد تک ہے،موجودہ درخواست میں پنجاب اسمبلی کا معاملہ زیر بحث ہے۔