پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ادارے کی تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری دیدی

اجلاس میں سکیم آف ارینجمنٹ کی بھی منظوری دی گئی‘ بورڈ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ساتھ معاملات فائنل کرے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 مارچ 2024 12:43

پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ادارے کی تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2024ء ) قوی فضائی کمپنی (پی آئی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ادارے کی تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 25 مارچ کو اپنی 83ویں میٹنگ کی، جس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس میٹنگ کے موقع پر پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے سکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری دی گئی، بورڈ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ساتھ معاملات فائنل کرے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ وفاقی کابینہ پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز ہولڈنگ کمپنی کے قیام کی منظوری دے چکی ہے، وزیر اعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے اور اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ پی آئی اے کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فی الحال ہولڈنگ کمپنی کے سی ای او کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری جون تک ہو جائے گی جس کیلئے قانون سازی ہو چکی ہے، ہولڈنگ کمپنی کو تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے بعد اب جون تک پی آئی اے کی ایئرلائن کمپنی کے طور پر نجکاری ہوجائے گی، پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے کچھ تحفظات ہیں، وہ کافی سمجھدار لوگ ہیں جب ہم ان کے ساتھ مل کر بیٹھیں گے اور انہیں اصل صورتحال بتائیں گے تو ضرورکوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا اور معاملہ افہام و تفہیم اور ڈائیلاگ سے حل کرلیا جائے گا۔

اسی طرح وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا بھی کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری جون تک مکمل کرنا چاہتے ہیں، نجکاری بروقت نہیں کی گئی تو مسلسل نقصانات ہوتے رہیں گے، گزشتہ سال جون تک پی آئی اے پر 785 ارب روپے (2.81 ارب ڈالر) کے واجبات تھے اور 713 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔