’ن لیگ کے گھریلو ملازم کا کردار ادا کیا، ایوارڈ تو بنتا تھا‘

ڈاکٹر یاسمین راشد کی آئی جی پنجاب کو ایوارڈ ملنے پر طنزیہ مبارک باد

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 مارچ 2024 14:13

’ن لیگ کے گھریلو ملازم کا کردار ادا کیا، ایوارڈ تو بنتا تھا‘
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد نے آئی جی پنجاب کو ایوارڈ ملنے پر طنزیہ مبارک باد دی اور کہا ہے کہ جس طرح انہوں نے ن لیگ کے گھریلو ملازم ہونے کا کردار ادا کیا اس پر ایوارڈ تو بنتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق جیل سے اپنے ایک خط میں انہوں لکھا کہ آئی جی پنجاب کی سربراہی میں لوگوں کی عزتیں اچھالی گئیں، گھروں کا تقدس پامال کیا گیا، خواتین کے ساتھ بد ترین سلوک کیا گیا، خواتین سیاسی قیدیوں کو جیلوں میں رکھا گیا، جنگ، بغاوت، قتل، دہشت گردی کے جعلی پرچے کاٹے گئے۔

ڈاکٹر یاسمین نے طنز کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان خدمات پر آئی جی پنجاب کو تمغہ دینا تو بنتا تھا، جس طرح انہوں نے ن لیگ کے گھریلو ملازم ہونے کا کردار ادا کیا اس پر ایوارڈ تو بنتا تھا، تاہم چیف الیکشن کمیشن کے ساتھ زیادتی ہوئی جس کی مذمت کرنا چاہوں گی، درخواست ہے آئی جی پنجاب کے ساتھ چیف الیکشن کمیشنر کو بھی نوازا جائے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو ہلال امتیاز عطا کر دیا، اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عثمان انور نے بحیثیت انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب پولیس کی از سر نو تنظیم سازی اور دوررس اصلاحات کیں، ڈاکٹر عثمان انور کو شہریوں کو پولیسنگ خدمات کی فراہمی، تھانوں کی الیکٹرانک مانیٹرنگ، شہدا پولیس کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ان کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے اس اعزاز کا حقدار ٹھہرایا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انسدادِ دہشت گردی کے زمرے میں ڈاکٹر عثمان انور کی کاوشیں انتہائی اہم ہیں، معاشرے کے محروم طبقات خصوصا خواجہ سراں، خواتین، بچوں اور ضعیف افراد کی مرکزی دھارے میں شمولیت ڈاکٹر عثمان انور کے کار ہائے نمایاں ہیں، خدمات عامہ کے شعبے میں ڈاکٹر عثمان انور کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز سے نوازا گیا ہے۔