بین المذاہب ہم آہنگی اور کرسچن یوتھ ویلفیئر کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد

منگل 26 مارچ 2024 16:24

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور کرسچن یوتھ ویلفیئر کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں سیمینار منعقدکیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھامحمد فیصل کامران، چیئرمین قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی ضلع سرگودھا امجد محمود بھٹی، کرسچن یوتھ ویلفیئر سے شان مسیح نے خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں سرگودھا بھر میں موجود تمام مذاہب کے نمائندگان سمیت تاجر برادری، وکلاء، پاکستان عوامی تحریک، جماعت اسلامی، پاکستان مسلم لیگ (ن)سمیت دیگر مذہبی، سیاسی و سماجی تنظیموں کے سربراہان شریک ہوئے شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں پاکستان کو درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹنا ہو گا پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والے وطن دشمن عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے ہمیں ذات پات، برادری، رنگ و نسل اور مذہب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وطن کی سلامتی کے لیے ملکر کام کرنا ہو گا امن کو فروغ دینے میں ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اس موقع پر تمام شرکاء کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا آخر میں وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔