یواے ای میں یومِ پاکستان کی عوامی سطح پر منعقد تقریب نے ایم کیو ایم پاکستان کے مختلف دھڑوں کو ایک چھت تلے جمع کر دیا

منگل 26 مارچ 2024 16:31

دبئی/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) متحدہ عرب امارات میں یومِ پاکستان کی عوامی سطح پر منعقد تقریب نے متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان کے مختلف دھڑوں کو ایک چھت تلے جمع کر دیا۔تقریب کااہتمام ڈائنامک پاکستان فورم کی جانب سے کیا گیا تھا۔ دبئی میں مقیم سابق گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد، امریکا سے آئے سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابرغوری اور پاکستان سے آئے ایم کیوایم کے ایک اور سینئر رہنما عامر خان نے تقریب میں خصوصی طورپر شرکت کی۔

یومِ پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی ان تینوں رہنمائوں نے مل کر ہی کاٹا۔اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی بعد میں رہنمائوں نے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی۔

(جاری ہے)

افطار ڈنر میں ایم کیوایم پاکستان کے کئی دیگر رہنمائوں، پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔

اس کے علاوہ مقامی کمیونٹی شخصیات بھی موجود تھیں۔س موقع پر بابرغوری، عامر خان اور ڈاکٹرعشرت العباد نے کراچی میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر تشویش کااظہار کیا اور کہا کہ رمضان المبارک میں ڈکیتوں کو کھلی چھوٹ حاصل ہے، موبائل اور پرس چھیننے والے ماں کی گودیں اجاڑ رہے ہیں مگر کوئی انہیں روکنے والا نہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑا جائے گا۔

ان تینوں سرکردہ رہنمائوں کی اس ملاقات کو بعض حلقے ایم کیوایم کو ایک بار پھر ماضی کی طرح متحد اور فعال کرنے کی جانب اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔یہ بات بھی اہم ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کے ایک اور سینئر رہنما حیدر عباس رضوی نے بھی ان دنوں دبئی ہی میں ڈیرہ ڈالا ہوا ہے۔رپورٹس کے مطابق اس ملاقات کو بعض حلقے ایم کیو ایم کو ایک بار پھر ماضی کی طرح متحد اور فعال کرنے کی جانب اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔