محکمہ موسمیات کی رواں ہفتے سے ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

منگل 26 مارچ 2024 17:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے سے ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27مارچ سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو گا اورملک کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیگا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 27 مارچ اور 31 مارچ کو اسلام آباد اور راولپنڈی،مری گلیات میں تیز،ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ27 مارچ سے 31 مارچ تک پنجاب کے بیشتر اضلاع فیصل آباد،لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع چترال دیر، سوات، کرک بونیر، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، پشاور، میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ 29 اور 30 مارچ کو کے پی کے میں موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نیموسم کی تازہ ترین صورت حال بتاتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں 27 مارچ سے 3 مارچ تک کوئٹہ،زیارت، چمن بارکھان،سیف اللہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر تیز برفباری کا امکان ہے۔

موسمیات نے صوبہ سندھ کے موسم کی صورت حال بتاتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 28 اور 29 مارچ سے جنوبی علاقوں میں موسم خشک رہنے کے علاوہ آندھی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ27 مارچ سے 1 اپریل تک گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام الناس کو آگاہ کرتے ہو ئے کہا کہ برفباری کے باعث ان علاقوں میں روز مرہ کے معاملات متاثر ہونے کا خدشہ ہے لہذا متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی جاتی ہے۔

موسمیات کا مزید کہنا ہے 29 اور 30 مارچ کو تیز بارشوں کے باعث مری گلیات، گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ یے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر کو نقصان کا بھی اندیشہ ہے۔