کراچی میں عالمی مشاعرہ 20اپریل کو ایکسپو سینٹرمیں منعقد ہو گا

کراچی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد سے ادبی دنیا میں کراچی کا مثبت چہرہ اجاگر ہو ا ہے، کمشنرکراچی مشاعرہ میں ملک کے مختلف شہروں کے علاوہ بیرون ملک سے شعرا بھی شر کت کر یں گے ،کمشنر کراچی سے ساکنان شہر قائد کے وفد کی ملاقات

منگل 26 مارچ 2024 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت نے کہا ہے کہ حکومت ادب و ثقافت کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے کراچی میں ساکنان شہر قائد کے زیر اہتمام شہر میں ہر سال باقاعدگی سے عالمی مشاعرہ کا انعقاد فن و ثقافت کے فروغ کے حوالہ سے اہم اورمثبت کوشش ہے اس قسم کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔وہ منگل کو اپنے دفتر میں ساکنان شہر قائد کے چیف آرگنائز ر محمود احمد خان کی قیادت میں ان سے ملنے والے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔

اس موقع پر وفد کے ارکان میں خالدجمیل شمسی، ظفر ندیم صدیقی، توقیر اے خان ڈاکٹر شبیر آرائیں اور جمال اظہر شامل تھے ۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ اس سال کراچی میں عالمی مشاعرہ 20 اپریل کو ایکسپو سینٹرمیں منعقد ہو گا مشاعرہ میں ملکی اور غیر ملکی ممتاز شعرا شرکت کریں گے مشاعرہ میں شعرا کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے مشاعرہ میں کراچی کے علاوہ اسلام آباد لاہور آزاد کشمیر بہاولپور ،ایبٹ آباداورگوادرسمیت مختلف شہروں سے شعرا کو شر کت کے لئے مدعو کیا جا رہا ہے مشاعرہ میں امریکہ برطانیہ، جرمنی کینیڈا بحرین آور قطر کے شعرا کی شرکت متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت نے کہا کہ کراچی میں عالمی مشاعرہ کے انعقاد کی روایت سے شہر میں ثقافتی ادبی اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی حکومت کی پالیسی کو تقویت ملی ہے ۔ اس قسم کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں انتظامیہ ساکنان شہر قائد کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے عالمی مشاعرہ کی کامیابی کے لئے ہر ممکنہ تعاون کرے گیانھوں نے کہا ہے کہ کراچی میں حکومت نے ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے وافر مواقع فراہم کئے ہیں انھوں نے کہا کہ کراچی آرٹ اور لڑیچر کے حوالہ سے ملک بھر کے لئے رول ماڈل بن گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہر میں ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے اس سے ادب و شعر سے دلچسپی لینے والے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقعہ ملا ہے انھوں نے کہا کہ شہر میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد سے کراچی کا مثبت چہرہ اجاگر ہو ا ہے۔