ایچی سن کالج کے پرنسپل گورنرپنجاب کے فیصلے سے ناخوش تھے، عطا تارڑ

بدھ 27 مارچ 2024 12:50

ایچی سن کالج کے پرنسپل گورنرپنجاب کے فیصلے سے ناخوش تھے، عطا تارڑ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ایچی سن کالج کے پرنسپل گورنر پنجاب کے فیصلے سے ناخوش تھے لیکن بہتر ہے کہ وہ اپنی مدت پوری ہونے تک خدمات جاری رکھیں۔ایک انٹرویومیں وزیراطلاعات ونشریات عطاتارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے چینی باشندوں پر حملے کے واقعے کی اعلی سطح پر تحقیقات کا حکم دیا ہے اور پاک چین دوستی پرآنچ نہیں آنے دیں گے۔

انہوںنے کہاکہ ڈیفالٹ سے بچنے کے بعد روپیہ مستحکم ہوا ہے اور پی آئی اے کی نجکاری سے معیشت میں پیسہ آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی بہتری کے لیے تمام معالک کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔مسلم لیگ(ن)کے رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ معاملات ٹھیک ہیں اور ہرمعاملے پر ہماری مشاورت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم شہبازشریف اور محسن نقوی کے درمیان کوئی نااتفاقی نہیں ہوئی اور میں ایسی خبروں کی تردید کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ احد خان چیمہ کے بچوں کا ایچی سن کالج میں داخلہ میرٹ پر ہوا تھا اور ایچی سن کالج کے پرنسپل سے رابطہ کر کے معاملہ افہام وتفہیم سے حل کرنے کی کوشش کی تھی۔عطا تارڑ نے کہا کہ ایچی سن کالج کے پرنسپل گورنر پنجاب کے فیصلے سے ناخوش تھے اور بہتر ہے موجودہ پرنسپل اپنی مدت پوری ہونے تک خدمات جاری رکھیں۔انہوںنے کہاکہ کالج کے بورڈ آف گورنرز میں شمولیت کے لیے قابلیت دیکھی جاتی ہے، کسی پارٹی سے وابستگی نہیں۔