سفیر پاکستان مسعود خان کی امریکہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی معروف تنظیم اپنا کے نئے صدر کو مبارکباد،پیشہ ورانہ کردار اور فلاحی سرگرمیوں کی تعریف

بدھ 27 مارچ 2024 16:06

سفیر پاکستان مسعود خان کی امریکہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی معروف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) امریکہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر مسعود خان نے امریکہ میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی معروف تنظیم اپنا کے نئے صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے تنظیم کے پیشہ ورانہ کردار اور فلاحی سرگرمیوں کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ اس باوقار عہدے کے لیے آپ کا انتخاب آپ کی برسوں پر محیط پیشہ ورانہ کامیابیوں کا اعتراف ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں ’’اپنا‘‘ترقی کی منازل طے کرتی رہے گی۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ باتیں امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی معروف تنظیم ’’اپنا‘‘کے نئے صدر ڈاکٹر آصف محی الدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہیں۔ ’’اپنا‘‘بیرونی دنیا میں مقیم پاکستانیوں کی سب سے بڑی تنظیم ہے۔

(جاری ہے)

سفیر پاکستان نے ’’اپنا‘‘کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی جانب سے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی خدمت، پاکستان میں صحت کی دیکھ بھال، دنیا بھر میں فلاحی اور خیراتی اقدامات اور صحت کے شعبے سے متعلقہ افراد کے درمیان روابط کو فروغ جیسے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ا ن مثبت اثرات کے منتظر ہیں جو بلاشبہ آپ کی صدارت میں سامنے آئیں گے،آپ کی اپنے پیشے اور تنظیم کے مشن سے وابستگی پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی کو متاثر کرتی ہے۔ آپ کی ان نئی ذمہ داریوں میں آپ کو ہمارا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔سردار مسعود خان نے سابق صدر ڈاکٹر ارشد ریحان کو ان کی گراں قدر خدمات پر بھی شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر محی الدین اورلینڈو، فلوریڈا میں معدے کے ماہر ہیں اور اس علاقے کے متعدد ہسپتالوں سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے 1989 میں کراچی کے ڈاؤ میڈیکل کالج سے میڈیکل کی ڈگری حاصل کی۔سفیر نی'' اپنا'' کے نئے صدر کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔