مخصوص نشستوں پر حلف برداری کیس، اپوزیشن کی درخواست منظور،سپیکر کو ممبران سے حلف لینے کا حکم

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، عدالت نے مختصر فیصلہ سنایا اور ریمارکس دئیے کہ مزید تفصیل تحریری حکم میں جاری کریں گے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 27 مارچ 2024 15:52

مخصوص نشستوں پر حلف برداری کیس، اپوزیشن کی درخواست منظور،سپیکر کو ..
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) پشاور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے کیس میں اپوزیشن ممبران کی درخواست منظور کرلی ہے،سپیکر کو ممبران سے حلف لینے کا حکم دے دیا۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اورجے یو آئی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لینے کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

پشاور ہائی کورٹ نے مختصر فیصلہ سنا دیا اور ریمارکس دئیے کہ مزید تفصیل تحریری حکم میں کچھ دیر میں جاری کریں گی۔دوران سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ کیا اسپیکر حلف لینے سے انکار کررہے ہیں، جس پرسپیکر کے وکیل علی عظیم آفریدی نے جواب دیا کہ ایسا نہیں ہے، پہلی بار گورنر کا حکم اپوزیشن لیڈر کے ذریعے آتا ہے، مناسب طریقے سے نہیں آتا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے سپیکر بابر سلیم سواتی کے وکیل سے دریافت کیا کہ کیاسپیکر آئین اور قانون پر عمل درآمد نہیں کرنا چاہتے ہیں؟ کیا اسپیکر مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف نہیں لینا چاہتے ہیں؟اس پر وکیل نے جواب دیا کہ آرٹیکل 109 کے تحت گورنر نے اجلاس طلب کرنےکے لیے خط سیکریٹری اسمبلی کو ارسال کیا، عدالت نے استفسار کیا کہ آرٹیکل 106 کے تحت ممبران مخصوص نشستوں پرمنتخب ہوئے ان سے حلف لیا ہے یا نہیں؟ کسی نے عدالت میں گورنر کے خط کو چیلنج نہیں کیا ہے۔

جس پر اسپیکر اسمبلی کے وکیل علی عظیم آفریدی نے جواب دیا کہ کسی نے گورنر کے آرڈر کو چیلنج نہیں کیا، 21 مارچ کو سیکرٹری صوبائی اسمبلی نے خط لکھا۔شاور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے 3 سوالات ہیں، کیا اسپیکر نے اپنی ذمہ داری پوری کی؟ کیا سپیکر نے ممبران سے حلف لے لیا ؟ اور کیاسپیکر کا منتخب ممبران سے حلف لینے کا ارادہ ہے؟بابر سلیم سواتی کے وکیل نے جواب دیا کہ گورنر اسمبلی اجلاس طلب نہیں کرسکتے ہیں۔

عدالت نے سپیکر اسمبلی کے خط پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب سیکریٹری اسمبلی قانون بنائے گا؟ سپیکر خط کو چھوڑے اور یہ بتائے کہ کیا گورنر اجلاس طلب کرسکتا یا نہیں؟جس پر وکیل نے بتایا کہ آرٹیکل 109 میں گورنر کرسکتا ہے، اس کو 105 کے ساتھ پڑھا جائے گا، اگر گورنر ایسا کرے گا تو پھر تو وزیراعلیٰ بے اختیار ہوگا۔اپوزیشن کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت میں کہا کہ ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق فیصلہ بھی دیا۔

حلف نہ لینا لارجر بینچ کے اس فیصلے کی خلاف ورزی بھی ہے۔ اگر اسپیکر حلف نہیں لیتا تو گورنر بھی حلف لے سکتا ہے۔پشاور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کی اپوزیشن ارکان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعدازاں پشاورہائیکورٹ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے اپوزیشن ارکان کی درخواست منظور کرلی۔