اپنی پوری طاقت سےآخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے، آرمی چیف

پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے، یقینی بنائیں گے کہ ہر غیر ملکی بالخصوص چینی شہری پاکستان میں محفوظ رہیں۔ سکیورٹی اجلاس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 27 مارچ 2024 16:32

اپنی پوری طاقت سےآخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ  کریں گے، آرمی چیف
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ 2024ء ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے، یقینی بنائیں گے کہ ہر غیر ملکی بالخصوص چینی شہری پاکستان میں محفوظ رہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک اور حوصلے کو کم سمجھا ہے، قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے، قوم نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے، پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سکیورٹی ایجنسیز کے سربراہ ، وفاقی وزراء، آئی جیز اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے، اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے شرکاء کو وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز ہونے والے بشام واقعہ پر بریفنگ دی، اجلاس میں سکیورٹی اداروں کے سربراہان کی جانب سے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی گئی، جس پر وزیراعظم نے ملک بھر میں موجود تمام چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم آفس نے اعلیٰ سطح کے اس ہنگامی سکیورٹی اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ اجلاس میں ترقیاتی منصوبے پر کام کرنے والے معصوم شہریوں پر ہونے والے گھناؤنے حملے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر اعظم نے حملے کے بے گناہ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی، شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زور دیا اور کہا کہ پوری قوم چینی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے، وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اعلامیے سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی لوگوں نے حملے کا جواب دیا اور کہا کہ حملے سے بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں، ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کی جائیں، پاک چین دوستی کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کا مقصد بداعتمادی پیدا کرنا ہے، دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے، پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی روکنے کے لیے دہشت کو ہتھیار بنایا ہے۔