اہل بیت فاونڈیشن کیجانب سے کراچی کی شاہراہ پر راہگیروں اورمسافروں میں افطار کی تقسیم

بدھ 27 مارچ 2024 16:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) اہل بیت ویلفیئر فاونڈیشن کی جانب سے رمضان المبارک میں کراچی کی شاہراہ پر مسافروں اور راہ گیروںمیں افطار ی کی تقسیم، چیئرمین اہل بیت ویلفیئر فاونڈیشن محمد نوید اور رضا کاروں کی ٹیم نے مسافرروزے داروں میں افطاری کے پیکٹ اورروح افزا کی بوتلیں تقسیم کیں، اس موقع پر چیئرمین اہل بیت ویلفیئر فاونڈیشن محمد نوید نے کہا کہ اہل بیت ویلفیئر فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے خدمت خلق کا سلسلہ جاری رکھیں گے، کراچی کی مختلف شاہراہوں پر روزے دار راہ گیروں اور مسافروں کے لیئے افطار کا اہتمام کریں گے، ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ روزے داروں کو افطار کروا سکیں، گزشتہ چند سالوںسے اہل بیت ویلفیئرفاونڈیشن اپنی مدد آپ کے تحت ضرورتمندوں کی مدد کررہی ہے ، رمضان المبارک میں اپنے محدود وسائل میںرہتے ہوئے عوام الناس کو سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ، انہوں نے کہا کہ اہل بیت ویلفیئر فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے مستحقین اور ضرورتمندوں کی مدد کا سلسلہ پورا سال جاری رہتا ہے خدمت خلق کے لیئے ہرو قت حاضر ہیں، اپنی مدد آپ کے تحت جہاں تک ممکن ہوسکتا ہے وہاں تک لوگوں میں امداد تقسیم کرتے ہیں، غریب اور یتیم بچوں اور بچیوں کی شادی کے لیئے جہیز اورکھانے کا انتظام بھی کرتے ہیں جبکہ بے روزگار افراد کو سبزی اور فروٹ کے ٹھیلے بھی لگا کردیئے تھے تا کہ وہ باعزت روزگار کما سکیں، انہوںنے کہا کہ کراچی سمیت پورے پاکستان کے مخیر حضرات سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اہل بیت ویلفیئر فاونڈیشن کے اس نیکی کے سفر میں اپنا حصہ ڈالیں اور جوبھی لوگ ہمارے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا چاہتے ہیں وہ بھی ہمارے ساتھ خدمت خلق کے سفر میں ہم سفر بن سکتے ہیں، خدمت خلق ہی زندگی کا اصل مقصد ہے جو لوگ دوسروں کے لیئے جیتے ہیں وہ ساری زندگی خوش اور مطمئن رہتے ہیں غیبی مدد ہمیشہ ان کے ساتھ ہوتی ہے اور ان کی مشکلیں خود بخود آسان ہوتی رہتی ہیں انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ، اہل بیت ویلفیئر فاونڈیشن ایک فلاحی ادارہ ہے جو مستحق اور ضرورتمندوں کی مدد کے لیئے اپنا کردار ادا کرہا ہے، موجودہ مہنگائی کے دور میں غریب، دیہاڑی دار ، کم تنخواہ دار اور بالخصوص سفید پوش لوگ مالی مشکلات کا شکار ہیں ، ہم سب کو چاہیے کہ غرباو مساکین کے ساتھ ساتھ ان سفید پوشوں کا بھی خیال رکھیں جو کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلا سکتے ، انہوں نے کہا کہ کراچی کے وہ حضرات جن کو رب کریم نے مال ودولت سے نوازا ہے ان کی معاشرتی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ مستحقین کی مدد کریں۔