یونیورسٹی آف میسوری امریکہ اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے مابین تعلیم و تحقیق میں تعاون کا معاہدہ

بدھ 27 مارچ 2024 17:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) یونیورسٹی آف میسوری امریکہ اور پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے مابین تعلیم و تحقیق میں تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے، اس سلسلے میں بدھ کو پی آئی این ایس کے ایڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ یونیورسٹی آف میسوری امریکہ کے مندوب پروفیسر مائیکل اور پروگرام ڈائریکٹر پروفیسر فرحان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر آصف بشیر نے امریکہ میں پاکستان کے نوجوان نیورو سرجنز کو تربیتی مواقع فراہم کرنے کیلئے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کئے۔

اس موقع پر پروفیسر مائیکل نے کہا کہ پاکستان کے نیورو سرجنز قابل ہیں اور وہ امریکہ میں اچھے عہدوں پر تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام پاکستانی نیورو سرجنز کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ امریکہ سے تربیت حاصل کریں اور پھر اپنے ملک کی خدمت کے لیے واپس آئیں۔

(جاری ہے)

پروگرام کے ڈائریکٹر پروفیسر فرحان نے امریکہ میں تربیت اور تحقیق کے مواقع سے استفادہ کرنے پر تفصیلی گفتگو کی۔

غیر ملکی ڈاکٹرز نے پنز کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے عالمی معیار کے آپریشن تھیٹرز، جدید طبی آلات کی تنصیب، مریضوں کی بہترین دیکھ بھال اور نیورو انسٹی ٹیوٹ میں ڈسپلن پر پروفیسر آصف بشیر کی پیشہ ورانہ مہارت اور انتظامی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔ پروفیسر آصف بشیر نے کہا کہ ہمیشہ اپنے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور دنیا کے بہترین تربیتی مراکز سے اچھی تربیت حاصل کر کے اپنی قوم کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اپنے مریضوں کو بہترین دیکھ بھال فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں نوجوان ڈاکٹرز کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تمام توانائیاں صرف کریں گے۔