پاکستان میں دہشت گردی کا منبہ افغانستان میں ہے ،کوششوں کے باوجود کابل کوئی پیش رفت نہیں کر رہا،خواجہ آصف

دہشت گردی واقعات میں اضافہ کے پیش نظر بارڈر صورتحال میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے، وزیر دفاع کا ٹوئٹ

بدھ 27 مارچ 2024 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا منبہ افغانستان میں ہے ہماری کوششوں کے باوجود کابل اس سمت کوئی پیش رفت نہیں کر رہا،دہشت گردی واقعات میں اضافہ کے پیش نظر بارڈر صورتحال میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا منبہ افغانستان میں ہے ،باوجود ہماری کوششوں کے کابل اس سمت کوئی پیش رفت نہیں کر رہا، دہشت گردوں کے ٹھکانے ان کے علم میں ہونے کے باوجود ان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف آزادانہ دہشتگردی کو آپریٹ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر ساری دنیا کے روایتی بارڈر سے مختلف ہے، موجودہ حالات میں جب کابل سے تعاون میسر نہیں پاکستان کو اس بارڈر پر تمام بین الاقوامی قوانین اور روایت نافذ کرنا ہوں گے اور دہشت گردوں کی ٹریفک ختم کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح دونوں ممالک روایتی اچھے ہمسایوں کی طرح اپنے تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں، پاسپورٹ اور ویزا کے ذریعے سفر کی سہولتیں جاری رکھی جاسکتی ہیں۔