Live Updates

سموگ اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں امریکہ پنجاب حکومت کا ساتھ دے گا، سینئر وزیر سے امریکی قونصل خانے کے وفد کی ملاقات میں تعاون کی یقین دہانی

بدھ 27 مارچ 2024 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) امریکی قونصل خانے کے وفد نے وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے کلائمٹ اور اصلاحات کے ایجنڈے میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئےسموگ اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں پنجاب حکومت کا ساتھ دینے کا عزم کیا ہے۔ بدھ کو پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے امریکی قونصل خانے کے وفد نے ملاقات کی۔

مریم اورنگزیب نے وزیراعلی پنجاب کی نمائندگی کی، وفد کی قیادت قونصل جنرل کرسٹن ہاکن کررہی تھیں۔وفد میں سیاسی واقتصادی امور کے سربراہ نکولس کٹساکس اور سیاسی ومعاشی امور کی ماہر صدف سعدشامل تھیں۔ ملاقات میں تعلیم، صحت عامہ، ماحولیات سمیت دیگر شعبوں میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ٹرانسپورٹ، شرمپس کی پیداوار، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں دوطرفہ تعاون پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

مریم اورنگزیب نے وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے گرین، ستھرا پنجاب، ڈیٹا اتھارٹی سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے ایجنڈے پر بریف کیا۔ وفد سے گفتگومیں مریم اورنگزیب نے کہا کہ سموگ کے خاتمے، ماحولیات سے متعلق قانون سازی اور قوانین کی بہتری پر کام کررہے ہیں، وزیراعلی مریم نوازشریف نے صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی مہم پلانٹ فار پاکستان شروع کی۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے تعاون سے ماحولیاتی بہتری کے لئے اقدامات کررہے ہیں اورتعلیمی نصاب میں بھی ماحولیاتی بہتری کے مضامین شامل کئے جارہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پنجاب کو پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل صوبہ بنارہے ہیں، 40 سے زائد خدمات گھر کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔مریم اورنگزیب نے امریکی قونصل جنرل کی جانب سے پنجاب میں بہتری کے ایجنڈے میں تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات