سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں، وزیر اطلاعات

مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پوری دنیا کا مسئلہ ہے، سوشل میڈیا سے متعلق مل کر ضابطہ اخلاق تیار کرنا ہوگا۔ عطاء اللہ تارڑ کی برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر سے ملاقات میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 مارچ 2024 12:47

سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں، وزیر اطلاعات
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2024ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں، صحافیوں کو سوشل میڈیا پر تصدیق کے عمل کو اپنانا چاہیئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر مس زوئی ویئر سے ملاقات کی، اس دوران مس زوئی ویئر نے مسلم لیگ ن کو حکومت کی تشکیل اور عطاءاللہ تارڑ کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی جب کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا، مس زوئی ویئر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا سے متعلق پوری دنیا کو مل کر ضابطہ اخلاق تیار کرنا ہوگا کیوں کہ سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں، صحافیوں کو سوشل میڈیا پر تصدیق کے عمل کو اپنانا چاہئے۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی این اے 127 لاہور سے کامیابی کا نوٹی فکیشن چیلنج کردیا گیا، ن لیگی رہنماء عطا تارڑ کی این اے 127 لاہور سے کامیابی کا نوٹی فکیشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، اسی طرح لاہور ہی سے پجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 145 سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے سمیع اللہ کی کامیابی کے نوٹی فکیشن کو بھی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ انتخابی عذرداریوں میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس سلطان تنویر دونوں درخواستوں پر سماعت کریں گے جہاں عطاء تارڑ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے سنی اتحاد کونسل امیدوار ظہیر عباس کھوکھر کی جانب سے چیلینج کیا گیا ہے اور پی پی 145 لاہور کے نوٹی فکیشن کو محمد یاسر کی جانب سے چیلینج کیا گیا۔