وزیراعلیٰ دہلی کی گرفتاری سے متعلق امریکی بیان پر بھارت کا اعتراض

بھارت کا قانونی عمل ایک آزاد عدلیہ پرمبنی ہے، اس پرالزام لگانا غیرضروری ہے،ردعمل

جمعرات 28 مارچ 2024 13:23

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) دہلی کے وزیرِ اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے ریمارکس پر بھارت نے اعتراض کیاہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ سفارت کاری میں ریاستوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دوسروں کی خودمختاری اور اندرونی معاملات کا احترام کریں۔

(جاری ہے)

بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارت کا قانونی عمل ایک آزاد عدلیہ پر مبنی ہے، اس پر الزام لگانا غیرضروری ہے۔اس کے علاوہ بھارت نے نئی دہلی میں امریکا کی قائم مقام ڈپٹی چیف آف مشن گلوریا بربینا کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج بھی ریکارڈ کروایا تھا۔واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ ان کا ملک صرف منصفانہ قانونی عمل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، انہوں نے نئی دہلی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ جیل میں قید عام آدمی پارٹی کے سربراہ کیلئے بروقت اور فیئر ٹرائل کو یقینی بنائے۔