سندھ ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلے جاری نہ کرنے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں نمٹا دیں

جمعرات 28 مارچ 2024 15:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی اور امیدواروں کی درخواستوں کی تفصیلی فیصلے جاری نہ کرنے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں نمٹا دیں۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ ،این اے 231 اور 249 سے امیدواروں کی چیف الیکشن کمشنر و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

بیرسٹر علی طاہر نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر تفصیلی فیصلے جاری کردیئے۔امیدواروں نے الیکشن کمیشن کی جانب ست جیتنے والے امیدواروں کی کامیابی کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا ہے۔بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل میں کیسز کی پیروی کرنا چاہتے ہیں۔عدالت نے درخواست گزاروں کو الیکشن ٹریبونل میں کیسز کی پیروی کی ہدایت دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کے خلاف درخواستیں نمٹا دیں۔