پاکستان میں جمہوریت بھٹو کے لہو سے سینچی گئی ہے، آصف خان

گڑھی خدابخش جلسے میں بھرپور عوامی شرکت کے لیے کراچی سے قافلے دواورتین اپریل کوروانہ ہونگے،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی کراچی

جمعرات 28 مارچ 2024 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) پاکستان میں جمہوریت بھٹو کے لہو سے سینچی گئی ہے، بھٹو آج بھی پاکستانیوں کے دلوں کا حکمران ہے،گڑھی خدابخش جلسے میں بھرپور عوامی شرکت کے لیے کراچی سے قافلے دواورتین اپریل کوروانہ ہونگے۔ان خیالات کا اظہارپاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات کنوینئیرضلع شرقی آصف خان نے کراچی شرقی کے رابطہ دفترمیں کارکنان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پیپلز یوتھ، پیپلز لیڈیز ونگ، پیپلز ڈاکٹر فورم، منارٹی ونگ، لائرز فورم کے صدور و عہدیداران موجود تھے۔ آصف خان نے کہاکہ عدالتی فیصلے کے بعد ذوالفقار علی بھٹو کو سیاسی شہید قرار دینے اور ظلم کو ختم کرنے کے لیے قانون میں ترمیم کرنی ہوگی،عدالتی فیصلے پر ہمارے دل خوش ہیں کہ شہید کو انصاف ملا مگر آنکھیں اب بھی پرنم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس کی بنیاد انسانی حقوق اور صوبائی خودمختاری کے اصولوں پر ہے،بانی چیئرمین کا دیا ہوا سیاسی سبق ہے کہ تبدیلی ووٹ کے ذریعے آنی چاہیے نہ کہ گولی کے ذریعے،پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زراری اورآصف علی زرداری کی قیادت میں اسی مشن پرگامزن ہے۔

انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے کے بعد رمضان المبارک کے باوجود گڑھی خدابخش میں 3 اپریل کوذوالفقار علی بھٹو کے شیدائیوں کا اجتماع ہوگاان کی شہادت کو 44 سال گزر جانے کے بعد بھی ان کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی ان کی برسی کی مرکزی تقریب گھڑی خدا بخش میں کراچی سمیت پورے ملک سے پیپلزپارٹی کے کارکن شریک ہو نگے۔انہوں نے کہاکہ کراچی سے قافلوں کی روانگی کے لیے انتظامات کرلیے گئے ہیں،کراچی سے دواپریل کی شام اورتین اپریل کی صبح قافلے گڑھی خدابخش لاڑکانہ کے لیے روانہ ہونگے۔