بلوچستا ن سے سینیٹ کی 11خالی نشستوں میں سے 9پر امیدوار بلامقابلہ منتخب

جمعرات 28 مارچ 2024 21:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) بلوچستا ن سے سینیٹ کی 11خالی نشستوں میں سے 9پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ٹینکوکریٹ کی دو نشستوں پر تاحال تین امیدوار برقرار ۔ ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق جمعرات کو سینیٹ انتخابات میںجنرل نشست پر امیدوار اعجاز احمد نے انتخابات سے دستبردار ی کا اعلان کردیا جس کے بعد بلوچستان سے سینیٹ کی 7جنرل نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ۔

جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے دو امیدوار سیدال ناصر اور آغا شاہ زیب درانی ،پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار عمر گورگیج، نیشنل پارٹی کے جان بلیدی عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان،جمعیت علماء اسلام کے احمد خان اور آزاد امیدوار سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سینیٹر منتخب ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق خواتین کی نشستوں پر مسلم لیگ ن کی راحت جمالی اور پیپلز پارٹی کی حسنہ بی بی سینیٹر منتخب ہوچکی ہیں جبکہ ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر اس وقت تین امیدواروں موجود ہیں ۔

صوبائی الیکشن کمشنر امجد آفریدی کی جانب سے 7جنرل اور 2خواتین نشستوں پر امیدواروں کی بلامقابلہ منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ بلوچستان سے 9نشستوں پر مسلم لیگ(ن) کے تین ، پاکستان پیپلز پارٹی کے 2، نیشنل پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی ، جمعیت علماء اسلام جبکہ ایک آزاد امیدوار منتخب ہوچکے ہیں ۔