حکومت آزادکشمیر شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے، چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن مولانا پیر مظہر سعید شاہ

جمعرات 28 مارچ 2024 19:40

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن مولانا پیر مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے،مظفرآباد شہر کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر کو رپورٹ مرتب کرکے پیش کروں گا،سلاٹر ہاؤس کے قیام سے مٹن مارکیٹ کابڑامسئلہ حل ہوجائیگا،نیلم پارک کے قیام سمیت بلدیہ پلازوں کی تعمیرسے ادارہ مستحکم ہوگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالحکومت کے مختلف بازاروں کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین معائنہ کمیشن کومجسٹریٹ بلدیہ سردار عمران ایڈووکیٹ نے بلدیہ مسائل / وسائل پرتفصیلی بریفنگ دی۔چیف آفیسر بلدیہ صاحبزادہ ذوالفقار عالم اور انجم بلال خان ڈپٹی چیف آفیسرنے مختلف منصوبوں کامعائنہ کروایا اور بلدیہ کے مختلف منصوبہ جات، پارکنگ، اثاثہ جات،قبرستان کے لیے مختص اراضی سمیت شاپنگ پلازوں اور سبزی فروٹ منڈیوں کے حوالہ سے بریف کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مظفرآباد اور شوائی نالہ بلدیہ پلاٹ،ٹاہلی منڈی، نیلم پارک اور دولت کالونی بلدیہ اراضی کامعائنہ کیا۔ دورے کے دوران وزیراعظم معائنہ کمیشن کے ڈائریکٹراور ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت پولیس نفری ہمراہ تھی۔چیئرمین معائنہ کمیشن نے کہا کہ مظفرآباد شہر کی خوبصورتی اور تعمیروترقی کیلئے بلدیہ کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر کو سلاٹرہاؤس کے قیام سمیت بلدیہ کے جملہ منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔