نجی ایئر لائن فلائی جناح نے متحدہ عرب امارات میں شارجہ اور لاہور کے درمیان دوسری بین الاقوامی پرواز کا افتتاح کردیا

جمعرات 28 مارچ 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) پاکستا ن کی نجی ایئر لائن فلائی جناح نے متحدہ عرب امارات میں شارجہ اور لاہور کے درمیان دوسری بین الاقوامی پرواز کا افتتاح کردیا۔ فضائی کمپنی نے لاہورکے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نئے روٹ کے آغاز کے سلسلے میں روانگی سے قبل تقریب کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری پریس ریلیز میں فلائی جناح کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے افتتاحی پرواز کے ساتھ اپنے بین الاقوامی آپریشنز کے آغاز کے محض ایک ماہ کے بعد ہم لاہور سے شارجہ کیلئے اپنے دوسرے بین الاقوامی روٹ کا افتتاح کررہے ہیں۔

یہ اقدام نہ صرف پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فضائی رابطے کو مضبو ط بنانے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے بلکہ یہ فلائی جناح کے اپنے مسافروں کو ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سفر کیلئے سستے ذرائع فراہم کرنے کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلائی جناح اس وقت پاکستان میں اپنے پانچ جدید ایئر بس A320طیاروں پر مشتمل فضائی بیڑے کے ساتھ کراچی،لاہور،اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ کے ساتھ ساتھ اسلام آباد اور لاہور سے شارجہ کیلئے بین الاقوامی پروازیں چلا رہی ہے۔