پی ٹی آئی رہنماءعامر ڈوگر کو عمرے پر جانے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی،عدالت نے عامر ڈوگر کو ڈپٹی رجسٹرار کے پاس بیان حلفی جمع کروانے کی بھی ہدایت دی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 29 مارچ 2024 15:01

پی ٹی آئی رہنماءعامر ڈوگر کو عمرے پر جانے کی اجازت مل گئی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مارچ2024 ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعامر ڈوگر کو عمرے پر جانے کی اجازت دیدی ،چیف جسٹس عامر فاروق نے عامر ڈوگر کی درخواست پر سماعت کی۔ عامر ڈوگر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور عمرے پر جانے کیلئے اجازت دینے کی استدعا کی۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما ءکوعمرہ ادائیگی پر جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ عامر ڈوگر 3 سے 9 اپریل تک عمرے کی ادائیگی کیلئے جا سکتے ہیں۔

عدالت نے عامر ڈوگر کو ڈپٹی رجسٹرار کے پاس بیان حلفی جمع کروانے کی بھی ہدایت دی۔ عامر ڈوگر کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھی لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعثمان ڈار کو مشروط طور پر عمرے پر جانے کی اجازت دے دی تھی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما عثمان ڈار نے اپنا نام پی این آئی ایل سے نکلوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر گزشتہ روز جسٹس شمس محمود مرزا نے سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔عدالت نے گزشتہ روز عثمان ڈار کی درخواست نمٹادی اور انہیں مشروط طور پر عمرے پر جانے کی اجازت دے دی تھی۔لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو ہدایت بھی کی کہ وہ عمرے سے جانے سے قبل سیکرٹری داخلہ کو شورٹی بانڈ جمع کرائیں۔

عثمان ڈار نے احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھاکہ خواجہ آصف یونین کونسل کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتے،اس ملک میں عدلیہ چاہے تو شہریوں کے حقوق کا تحفظ کر سکتی ہے۔ ۔ہمیں عدالتوں سے انصاف ملنا شروع ہو گیا ہے،عمرہ پر جا کر نفل ادا کروں گا،عدلیہ کا ریلیف دینا خوش آئند بات ہے۔