سندھ میں بدامنی منشیات فروشی اور مصوم پریا کماری کے اغوا کے خلاف مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کی احتجاجی ریلیاں

جمعہ 29 مارچ 2024 17:07

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) سندھ میں بدترین بدامنی اور منشیات فروشی میں اضافہ کے خلاف اور کئی ماہ قبل اغوا کی گئی مصوم پریا کماری کے علاوہ بدین سے اغوا ہونے والے دو نوجوان میر حسن بروہی اور ارشد بروہی کی بازیابی کے لئے بدین شہر میں مختلف سیاسی سماجی علمی ادبی تنظیموں سندھی ادبی سنگت ، سوشل ورکر اتحاد ، سورمی وومن ڈولپمنٹ سوسائیٹی، کی جانب سے شہر میں ریلی نکالی گئی اور شرکا نے شہید بے نظیر بھٹو ڈی سی چوک سے بدین پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور بدین پریس کلب کے سامنے مظاہرے بھی کئے .

(جاری ہے)

ریلی میں مرد کارکنوں کے علاوہ اقلیتی برادری خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے پریا کماری سے اظہار یکجہتی اور اس کے ماں باپ سے اظہار ہمدردی کی . شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سماجی رہنما تحریک انصاف کے ضلعی صدر عزیز اللہ ڈیرو ، سندھ ترقی پسند پارٹی کے شاہ نواز سیال ، سوشل ورکر اتحاد کے سومار ملاح ، اسلم ملاح ، سورمی وومین ڈیولپمنٹ سوسائیٹی کی عابدہ ماروی ، عبدالغفور چانڈیو ، رشید گوپانگ ، غلام رسول سومرو ، زین شاہ ، لالہ نواز شیخ ، سید محمد حسین شاہ اور دیگر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریا کماری کی عدم بازیابی ہمارے معاشرے پر ایک بڑا داغ ہے اور یہ سندھ پولیس کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک بڑی ناکامی بھی ہے .

انہوں نے کہا جو حکومت اپنے شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہے اس کو اقتدار میں رہنے کا حق نہیں ہے ، مقررین نے کہا سندھ کے قومی خزانے اور وسائل کو اقتدار میں موجود سردار وڈیرے میر پیر وزیر اور ارکین اسمبلی پکے کے ڈاکو کے روپ میں لوٹ رہے ہیں جبکہ سندھ کے عوام کو کچے کے ڈاکوں کے حوالے کر دیا گیا ہے منشیات فروشی نے نوجوان نسل کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے ، شرکا کا اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس آف سندھ سے اپیل کی کہ پریا کماری کے علاوہ بدین ضلع سے اغوا ہونے والے دو نوجوان میر حسن بروہی اور ارشد بروہی کو فوری بازیابی کے لئے دریا سندھ کے دونوں اطراف کچے کے علاقے میں آپریشن کیا جائے تمام اغوا ہونے والے شہریوں کو بازیاب کرا کے منشیات فروشی اور جرائم میں ملوث بااثر شخصیات اور سہولیات کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے .