ایچ بی کے سپورٹس گالا، دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا

جمعہ 29 مارچ 2024 19:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) پشاور پریس کلب میں ایچ بی کے کے تعاون سے صحافیوں کے لئے منعقدہ رمضان سپورٹس گالا دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا،سپورٹس گالا میں صحافیوں کی بھر پور شرکت نے ایونٹ کو چار چاند لگا دیئے،گزشتہ شب مقابلوں کے مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر کامران بنگش تھے اس موقع پر صدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک،سابقہ صدر ایم ریاض جنرل سیکرٹری عرفان موسیٰ زئی،سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر عاصم شیراز،خیبر یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی، اور چیئرمین سپورٹس کمیٹی عابد خان سمیت کثیر تعداد میں صحافی بھی موجود تھے سپورٹس گالا میں شریک صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ صحافی برادری کے لئے اسطرح کی صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد قابل تحسین ہے کیونکہ پشہ ورانہ زمہ داریوں کی وجہ سے صحافیوں کو کھیل کود کے مواقع بہت کم ملتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ کھیل ذہنی اور جسمانی نشونما کے لئے بے حد ضروری ہے صحافی کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کریں تاکہ پیشہ ورانہ زمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیے سکیں،انہوں نے مزیدکہا کہ آج پریس کلب کے اس خوبصورت ماحول کو دیکھ کر زمانہ طالب علمی کی یاد آگئی اس طرح کی سپورٹس ایونٹس تمام اداروں میں منعقد ہونی چاہیئے،کامران بنگش کا کہنا تھا کہ جن ملکوں نے کھیلوں پر توجہ دی ہے آج وہ دنیا میں نمایاں مقام پر کھڑے ہیں خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کھیلوں کے میدان آباد کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پشاور پریس کلب میں اس قسم کے ایونٹس کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو ذہنی سکون کے لئے ان ڈور گیمز کافی اہمیت کی حامل ہیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک نے اس موقع پر کہا کہ کامران بنگش کی صحافیوں کے لئے خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں انہوں نے ہر موڑ پرصحافیوں کا ساتھ دیا ہے جس پر ہم انکے شکر گزار ہیں۔

دوسری جانب رمضان سپورٹس گالا میں گزشتہ شب کھیلے گئے گیمز کے نتائج کے مطابق لڈو مقابلوں میں احتشام بشیر،زرشاد،عبدالرزاق،عارف اکرام،عاکف عدنان نے جبکہ کیرم بورڈ کے ایونٹ میں عارف،ارسلان جنید،شہزاد درانی اور ذوالفقار احمد نے کامیابی حاصل کرلی،اسی طرح بیڈمنٹن ایونٹ کے پہلے میچ میں محمد ارشاد اور کاشف الدین سید کو نیاز علی اور عباس علی نے شکست دے دی جبکہ عدنان شاہ اور سید زاہد عثمان سے تنویر اور اسکے ساتھی نے میچ جیت لیا ایسی طرح احتشام بشیر اور شیخ اشفاق نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد محمد فہیم اور زاہد میروخیل کو شکست سے دوچار کیا،سہیل قلندر کے نام سے منسوب سنوکر کے ایونٹ میں ذیشان لیاقت،حسنین علی، مدثر زیب اور حسام الدین نے کامیابی حاصل کی،اسی طرح مرحوم نامور صحافی رحیم اللہ یوسفزئی کے نام سے منسوب ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے لیگ میچز میں نادر خواجہ،محمود جان بابر،بلال آفریدی نے میچز جیت لئے،واضح رہے کہ سالانہ سپورٹس ایونٹ رمضان سپورٹس گالا میں 150 سے ذائد میل و فیمل صحافی پانچ مختلف گیمز جس میں ٹیبل ٹینس،بیڈ مینٹن،کیرم بورڈ،سنوکر اور لڈو شامل ہیں میں شرکت کررہے ہیں۔