بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ عوام دشمنی کا ثبوت ہے‘ضیاء الدین انصاری

حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مہنگائی کے کوڑے برسانا شروع ہوگئی ہے

جمعہ 29 مارچ 2024 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے بجلی کی قیمت میں 2روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ عوام دشمنی کا ثبوت ہے، مفت بجلی دینے کے دعویدار نااہل حکمرانوں نے عوام پر مہنگائی بم گرا دیا ہے ،حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مہنگائی کے کوڑے برسانا شروع ہوگئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام افطار ڈنر تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی عوام کا معاشی قتل عام کرنے پر تول چکی ہے جس سے اشرافیہ اور مقتدرہ کا عوام دشمن چہرہ مزید بے نقاب ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی مزید مہنگی ہوگئی ہے، پیٹرول مہنگا کرنے کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ بھی متوقع ہے۔

نئی حکومت سے کسی قسم کی مستقبل میں کوئی خیر کی امید نظر نہیں آرہی ہے۔ نااہل حکمرانوں نے طے کر رکھا ہے کہ عوام کوکسی سطح پر ریلیف نہیں دیا جائے گا، حکومتی دعوؤں کے باوجود اشیا ء خوردونوش میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے اور ابھی بھی آٹا، چینی، دال اور سبزی جیسی روز مرہ ضرورت کی اشیا غریب عوام کی پہنچ سے دور ہے۔امیر لاہور نے مزید کہاکہ حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے حکومت مہنگائی میں آئے روز مزید اضافہ کر کے عوام کے غم و غصہ میں اضافہ کر رہی ہے، حکومت عوام کو سہولیات تو دے نہیں رہی لیکن چاہتی ہے کہ عام آدمی جو کماتا ہے وہ حکومت کو دے دے، عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو چکا ہے۔