وفاقی کابینہ اجلاس میں ججز کے خط پر انکوائری کمیشن کی منظوری کا امکان

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کو تین بار ملتوی کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 مارچ 2024 10:53

وفاقی کابینہ اجلاس میں ججز کے خط پر انکوائری کمیشن کی منظوری کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2024ء ) وفاقی کابینہ اجلاس میں ججز کے خط پر انکوائری کمیشن کی منظوری کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس آج ہوگا، کابینہ اجلاس میں ججز کے خط کے معاملے پر غور ہوگا، مصروفیات کے باعث وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کو تین بار ملتوی کیا گیا جو آج ہوگا اور اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کیا ہے، اجلاس میں وفاقی کابینہ ارکان اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر غور کریں گے، اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر انکوائری کمیشن کی منظور ی دئیے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ججز کے معاملے پر انکوائری کرانے کا اعلان کیا ہے، اس ضمن میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ عدلیہ کی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، اس معاملے پر چیف جسٹس نے فل کورٹ میٹنگ کی، چیف جسٹس نے خواہش ظاہر کی معاملے پر وزیر اعظم سے بھی مشاورت کی جائے، چیف جسٹس نے وزیراعظم سے ملاقات کیلئے خواہش کا اظہار کیا، جس کے بعد ہونے والی ملاقات میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ سمیت میں نے بطور وفاقی وزیر قانون اور اٹارنی جنرل نے شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی، ملاقات میں ججز کے خط والے معاملے سمیت ٹیکس اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی، اس دوران وزیراعظم نے واضح کیا عدلیہ کی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، اور یقین دہانی کروائی کہ اس معاملے کی چھان بین ہونی چاہیے، وزیراعظم وفاقی کابینہ کے سامنے اس معاملے کو رکھیں گے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں معاملے کی انکوائری کیلئے ٹی او آرز طے کیے جائیں گے، معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اچھی ساکھ رکھنے والے ریٹائرڈ ججز کی سربراہی میں اس معاملے کی انکوائری کروائی جائے گی۔