ژ*9 مغوی کانکنوں کی بازیابی کے لئے ایف سی چھاؤنی دکی میں اعلی سطحی اجلاس

ہفتہ 30 مارچ 2024 17:45

دکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2024ء) 9 مغوی کانکنوں کی بازیابی اور کوئلہ کانوں کو تحفظ دینے کے لئے ایف سی چھاؤنی دکی میں اعلی سطحی اجلاس اور جرگہ منعقد ہوا۔اجلاس میں برگیڈیئر لورالائی سکاؤٹس عبد الرزاق احمد ونگ کمانڈر دکی محمد حنیف ڈپٹی کمشنر دکی فیاض علی ہزارہ کول مائنز اونر ایسوسی ایشن کے صوبائی رہنماہ سردار معصوم خان ترین ،سردار خوشدل خان لونی ،سردار اکبر خان ناصر پیٹی ٹھیکیدار ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر حاجی محمد ایوب ناصر سمیت نیشنل لیبر فیڈریشن کے ضلعی عہدیداروں سمیت مختلف قبائلی عمائدین اور کول مائنز کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس اور جرگے میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف سی بلوچستان کول مائنز کے تحفظ کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر علاقے میں مزید چوکیاں قائم کرکے دو سو پیٹرولنگ نفری بھی تعینات کریگی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ مائننگ ایریا میں مکمل طور پر باڑ لگا کر مائننگ کو ہرقسم کی تحفظ دی جائیگی۔بعد ازاں علاقے کے معتبرین سرداران اور کوئلے کے کاروبار سے منسلک ٹھیکیداران ، کول سپلائرز کے نمائندے اور کاروباری افراد نے مشترکہ پریس کانفرنس میں قبائلی رہنما سردار معصوم خان ترین، قبائلی رہنما سردار اکبر خان ناصر، قبائلی رہنما سردار خوشدل خان لونی، حاجی محمد ایوب ناصر، ملک کلیم اللہ خان ترین، قبائلی رہنما محمد اسلم ترین، وڈیرہ ولی محمد بلوچ، ملک صدیق خان ناصر، محمد عمر خان ناصر، حاجی سید اللہ ناصر، ملک حبیب الرحمان ترین، حاجی تیمور خان ناصر، محمد انور ناصر، ملک اکبر خان ناصر، طاہر شاہ، ملکزادہ محمد حنیف ناصر، ملک صدام ترین، حافظ اللہ داد لونی، امبر خان سواتی ، عبدالحکیم مجاہد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے علاقے کے معدنیات پر کسی صورت کسی کو مسلط ہونے نہیں دینگے۔

دکی کے عوام نے ملکر معدنیات اور کانکنی کے تحفظ کے لئے قبائلی لشکر تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔قبائلی لشکر کسی بھی مائننگ ایریے میں ہونے والی تخریب کاری اور واقعات کی روک تھام کے لئے ایک ساتھ موثر کاروائی کریگی۔تمام سرداران قبائلی رہنما اور مائن اونروں نے کہا کہ ہم سیکیورٹی اداروں اور ایف سی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم سیکیورٹی فورسز کیساتھ ملکر دہشتگردی کو شکست دینگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان ہم سب کا ہے۔ کوئی بھی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ ہمارے امن کو خراب کرینگے۔ ہم تمام قبائل متحد ہیں اور اپنی دفاع کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹھیکیداران اپنے اپنے کوئلہ کان پر مسلح گارڈ کی تعیناتی یقینی بنائے اور کسی بھی مشکوک شخص کے متعلق فوری اطلاع دے ہم تمام فوری موقع پر پہنچ کر بھرپور جوابی کاروائی کرینگے اور اپنے مزدوروں کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دکی کے معدنیات پر صرف دکی کے لوگوں کا حق ہے دکی کے معدنیات پر دکی والوں کے علاوہ کسی کا کوئی حق نہیں ہے۔ ہم کسی صورت کسی کی بدمعاشی یا غنڈہ ٹیکس نہیں مانتے۔ ہم ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ کسی طور علاقے کے امن کو خراب ہونے نہین دینگے۔ اور اپنے مال کی حفاظت اور دفاع بہتر طریقے سے کرنا جانتے ہیں۔