جرمنی،فٹ بال لیگ کے میچ سے قبل داعش کی دھمکی نے خوف پیدا کر دیا

اتوار 31 مارچ 2024 12:00

میونخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) جرمن شہر میونخ میں پولیس نے ایک مشتبہ شخص کی دھمکی کے بعد جرمن فٹ بال لیگ (بنڈس لیگا)میں گرائونڈ الیانز ارینا کے اطراف اپنی موجودگی بڑھا دی۔ الیانز ارینا میں بائرن میونخ اپنے حریف بورشیا ڈورٹمنڈ کی میزبانی کر رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ایک صارف، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ داعش سے منسلک ہے، نے الیانز ارینا کے ارد گرد موجود مداحوں کی تصویر کو ہدف کے طور پر پوسٹ کیا۔

میونخ پولیس کے ایک ترجمان نے جرمن خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ پولیس اور علاقائی جرائم کی تحقیقات کے محکمے نے تصویر کا مختلف انداز میں جائزہ لیا اور اس نتیجے پر پہنچے کہ اس سے کوئی ٹھوس اور سنگین خطرہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق میچ منصوبہ بندی کے مطابق ہوگا۔تقریب کی اہمیت کے پیش نظر 300 سے 500 افراد کو ایمرجنسی سروس میں رکھا گیا اور تعداد بتائے بغیر اس تعداد میں اضافہ کیا گیا۔

بائرن نے کہا کہ اس نے پولیس کے ساتھ بات چیت کی ہے۔بعد ازاں ہفتہ کو میچ منعقد ہوگیا اور اس دوران کوئی خطرناک واقعہ پیش نہ آیا۔ میچ میں ڈورٹمنڈ نے بائرن کو شکست دے دی۔ یاد رہے داعش نے حال ہی میں 22 مارچ کو روسی دار الحکومت ماسکو میں کرکس سٹی ہال پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس حملے میں 144 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔