عوامی نیشنل پارٹی کی ڈسٹرکٹ بار انتخابات میں ملگری وکیلان کو بھرپور کامیابی پر مبارکباد

پیر 1 اپریل 2024 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2024ء) عوامی نیشنل پارٹی نےڈسٹرکٹ بار انتخابات میں ملگری وکیلان کو بھرپور کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔پیر کو عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہاکہ ڈسٹرکٹ بار انتخابات میں ملگری وکیلان کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ملگری وکیلان کی جیت عوامی نیشنل پارٹی اور باچا خان کے پیروکاروں کی جیت ہے،ملگری وکیلان نے ہمیشہ قانون اور آئین کی بالادستی کیلئے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی ہو یا وکلاء برادری کے حقوق کی جدوجہد ملگری وکیلان نے صف اول کا کردار ادا کیا ہے،موجودہ ملکی صورتحال میں وکلاء برادری پر بہت بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توقع کرتے ہیں کہ نو منتخب ذمہ داران اپنی آئینی اور تنظیمی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں گے،منتخب اراکین نظام عدل میں اصلاحات اور عوام کو انصاف کی جلد فراہمی میں بھی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پشاور سمیت چارسدہ، صوابی، تخت بھائی، خیبر پبی، مومند، بنوں، ثمر باغ، کبل اور دیگر اضلاع میں ملگری وکیلان اور اتحادیوں کی کامیابی نیک شگون ہے،بھرپور کامیابی پر ملگری وکیلان کی صوبائی اور ضلعی کابینہ کے تنظیمی عہدیداران بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔