پنجاب ایمرجنسی سروس نے 162,681ایمرجنسی متاثرین کوماہ مارچ کے دوران ریسکیو سروسز فراہم کیں

پیر 1 اپریل 2024 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2024ء) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا ہے کہ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے ماہ مارچ کے دوران پنجاب بھر میں 167,768 ایمرجنسیز پر بر وقت رسپانس کرتے ہو ئے162,681ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیوسروسز فراہم کیں۔انہوں نے گزشتہ ماہ کے دوران37,634روڈ ٹریفک حادثات میں 282 افراد کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

وہ پیر کے روز ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ماہانہ آپریشنل کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے،جس میں ریجنل ایمرجنسی آفیسرز،پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ اس آپریشنل جائزہ اجلاس میں مانیٹرنگ آفیسر اور ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ونگز کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران نے میجرایمرجنسیز،کیس اسٹڈیز،درپیش چیلنجز اور اہم اقدامات سمیت اپنی آپریشنل کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کو ماہانہ ایمرجنسی اعداد وشمار کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس میں گزشتہ ماہ ریسکیو سروس نے 167,768 ایمرجنسیزپر بر وقت رسپانس کیا۔مزید بتایا گیا کہ167,768 ایمرجنسیز میں سے 109,749 میڈیکل ایمرجنسیز تھیں جبکہ 37,634 روڈ ٹریفک حادثات، 3,738 ڈیلیوری کیسز، 3,478 جرائم کے واقعات،1,805 آتشزدگی کے واقعات،1,796 پیشہ ور انہکام کے دوران زخمی ہونے کے واقعات، 1,039 جانوروں کو ریسکیو کرنے کے واقعات، 38 ڈوبنے کے واقعات،31 عمارتیں گرنے اور8,460 متفرق ریسکیو ایمرجنسیزشامل تھیں۔

ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں گزشتہ ماہ کے دوران 37,634 روڈ ٹریفک حادثات میں 282 افراد جاں بحق ہوئے۔ان ٹریفک حادثات میں سے زیادہ تر 8,220 ٹریفک حادثات لاہور میں ہوئے جن میں36 افراد جاں بحق ہوئے۔اسی طرح فیصل آباد میں 2,805، ملتان میں 2,316، گوجرانوالہ میں 2,177، شیخوپورہ میں 1,456 اور راولپنڈی میں 1,283 جبکہ باقی 19,377 حادثات پنجاب کے باقی30 اضلاع میں رونما ہوئے۔

اسی طرح آگ لگنے کے سب سے زیادہ واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں 445،فیصل آباد میں 148، راولپنڈی میں 108، گوجرانوالہ میں 102، ملتان میں 94 اور رحیم یار خان میں85 واقعات پیش آئے۔ ڈاکٹر رضوان نصیرنے ٹریفک حادثات میں 80% موٹر سائیکلوں کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں اضافے پرگہری تشویش کا اظہارکیا۔انہوں نے موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کی کہ وہ موٹر سائیکل کو انتہائی بائیں لین میں زیادہ سے زیادہ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائیں تاکہ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو سروس آپ کی مدد کے لیے 24 گھنٹے موجود ہے لیکن شہری احتیاط سے گاڑی چلائیں تاکہ سڑک کے ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔