مہنگائی کی ایک نئی لہر آئے گی اور عام آدمی کی مشکلات مزیدبڑھ جائیں گی، سکندر حیات خان شیرپائو

پیر 1 اپریل 2024 18:20

×پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اپریل2024ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مہنگائی کی ایک نئی لہر آئے گی اور عام آدمی کی مشکلات مزیدبڑھ جائیں گی۔وطن کور پشاور سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں انھوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلے ہی زیادہ ہیں اور تازہ اضافے سے غریب عوام کیلئے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ معاشرے کے غریب طبقے کے لوگ پہلے ہی آسمان چھوتی مہنگائی سمیت متعدد مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور حالیہ اضافے سے ان کے مسائل مزید بڑھ جائیں گے۔ سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ حکومت نے حالیہ دنوں میں قدرتی گیس اور بجلی کے نرخوں میں بھی متعددبار اضافہ کیا ہے جس سے لوگوں کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیاہے۔انھوںنے کہا کہ قیمتوں میں اضافے سے عام لوگوں کی قوت خرید بھی جواب دے گئی ہے اور گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مسلسل اضافے نے انہیں بری طرح متاثر کیاہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی توان پر مزید بوجھ ڈالنے سے بھی گریز کرے کیونکہ مہنگائی عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔