سینیٹ انتخابات ، جو ووٹ دکھائے گا اس کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی،صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب

امید ہے پولنگ کا عمل پرسکون ماحول میں جاری رہے گا، ووٹنگ کے دوران موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی،انور چوہان کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 2 اپریل 2024 10:25

سینیٹ انتخابات ، جو ووٹ دکھائے گا اس کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی،صوبائی ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 اپریل2024 ء) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب انور چوہان کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں جو ووٹ دکھائے گا اس کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی، امید ہے پولنگ کا عمل پرسکون ماحول میں جاری رہے گا،پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کے دوران موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہمارے پاس 356 ووٹرز ہیں ، سب کو کہا گیا ہے کہ ٹائم پر پہنچیں۔

سینیٹ انتخابات کی پولنگ خفیہ رائے شماری سے ہو گی۔ارکان اسمبلی اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ کاسٹ کریں۔سینیٹ کی 30 نشستوں پر الیکشن کیلئے پولنگ کا آغازہوگیا ہے جو شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔سینیٹ انتخابات کیلئے 4 مختلف رنگوں میں بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔جنرل نشستوں کیلئے سفید پیپرز، ٹیکنوکریٹ نشستوں کیلئے سبز بیلٹ پیپر ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین کی نشستوں کیلئے گلابی اور اقلیتی نشستوں پیلے رنگ کے بیلٹ پیپرز استعمال ہوں گے۔

سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں ممبرانِ قومی اسمبلی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہدایت نامہ جاری کر دیاہے۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بال پوائنٹ کے ذریعے بیلٹ پیپرز پر ترجیحات درج کرنا ہوں گی، ترجیحی امیدوار کے نام کے سامنے 1 جبکہ دوسرے امیدوار کے سامنے 2 لکھنا ہوگا۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ترجیح صرف انگریزی یا اردو میں درج کرنا ہو گی، اردو اور انگریزی کو ملا کر لکھنے سے ووٹ مسترد ہو گا۔

ہندسہ 1 ایک سے زائد ناموں کے سامنے درج ہونے سے ووٹ مسترد ہو گا، کسی امیدوار کے نام کے سامنے ہندسہ 1 کے ساتھ کوئی دوسرا ہندسہ درج نہ ہو۔پنجاب میں سینیٹ کی 5 نشستوں پر الیکشن ہورہے ہیں جن میں 2 خوتین، 2 ٹیکنوکریٹ اور ایک اقلیتی نشست شامل ہے۔یاد رہے کہ پنجاب میں سینیٹ کی 12 نشستوں میں سے 7 مختلف جماعتوں کے سینیٹر بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جن میں (ن) لیگ کے پرویز رشید، ناصر محمود، طلال چوہدری، وفاقی وزیر برائے اقصادی امور احمد چیمہ اور وزیر داخلہ محسن نقوی شامل ہیں۔

پنجاب سے سنی اتحاد کونسل کے راجہ ناصر عباس اور حامد خان بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں ٹیکنوکریٹ کی نشست سے مصطفیٰ رمدے نے کاغذات واپس لئے ہیں جب کہ جنرل نشست پر شہزاد وسیم، مصدق ملک، ولید اقبال، عمر چیمہ اور خواتین کی نشست پر پی پی کی فائزہ ملک نے بھی اپنے کاغذات واپس لئے ہیں۔