خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن مخصوص نشستوں کے حلف سے مشروط کرنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

عدالت کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف سپیکر کی نظرثانی درخواست بھی آج ہی سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 اپریل 2024 10:38

خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن مخصوص نشستوں کے حلف سے مشروط کرنے کیخلاف ..
پشارو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل 2024ء ) خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن مخصوص نشستوں کے حلف سے مشروط کرنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاورہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات میں مخصوص نشست کے ممبران سے حلف لینے سے مشروط کرنے کے الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف اعظم سواتی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے، پشاور ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف سپیکر کی نظرثانی درخواست بھی آج سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی ہے، پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس ارشد علی کچھ دیر میں سماعت کریں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاعظم سواتی نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کو مخصوص نشستوں پر حلف سے مشروط کرنے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کیا ہے، درخواست گزار نے علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے سینیٹ کا انتخابی عمل متاثر ہوگا، سینیٹ انتخابات کو بروقت یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمے داری ہے۔

(جاری ہے)

دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کو نہیں سنا اور بغیر سنے فیصلہ جاری کردیا، جن ارکان کو الیکشن کمیشن نے سنا وہ ابھی منتخب ہوئے انہوں نے حلف بھی نہیں لیا، درخواست گزار اعظم سواتی سینیٹ کی رکنیت کے امیدوار ہیں، ان کو نہیں سنا گیا، خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کو التواء کا شکار کرنا غیر قانونی ہے، الیکشن کمیشن کا 26 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر کے پی کے میں سینیٹ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے مقدمے میں نومنتخب ارکان کی درخواستیں منظور کرلیں تھیں، الیکشن کمیشن نے صوبے میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا، الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے اجلاس بلا کر حلف نہ لیا تو صوبے کی حد تک سینیٹ انتخابات ملتوی کر دئیے جائیں گے۔