Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سے اراکین اسمبلی کی ملاقات، عوامی مسائل ، ضروریات سے آگاہ کیا

مریم نواز شریف نے اراکین اسمبلی کی تجاویز ،سفارشات نوٹ کیں،قابل عمل تجاویز پرعملدر آمد کے احکامات جاری سڑکوں کی تعمیر ومرمت، 5ایکسپریس ویز اور 3موٹر ویز بنائینگے، 100فیصد مفت ادویات اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کر دی جائیگی

منگل 2 اپریل 2024 13:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے حلقوں کے مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے صوبائی اراکین اسمبلی چودھری شافع حسین، راجہ محمد اسلم خان، خالد جاوید گھرال، مدد علی شاہ، چودھری اعجاز احمد، حسن عسکری شیخ، تاشفین صفدر، سلمی سعید اور سیدہ ثمرین تاج نے ملاقات کی۔

اس کے علاوہ سید علی حیدر گیلانی، ملک واصف مظہر، محمد اقبال، غضنفر علی خان، عامر علی شاہ، نرگس فائزہ ملک، رابعہ نذیر اور دیگر بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ٹکٹ ہولڈر سعود مجید، ایم پی اے خالد ججہ اور پی پی رہنما ندیم افضل چن نے بھی وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ارکان صوبائی اسمبلی نے عوامی مسائل اور ضروریات سے وزیراعلی پنجاب کو آگاہ کیا اور اپنے حلقوں میں ڈویلپمنٹ کے لئے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اراکین اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات نوٹ کیں اور قابل عمل تجاویز پرعملدر آمد کے احکامات جاری کیے۔صوبائی اسمبلی کے اراکین نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی پر وزیراعلی مریم نواز کو مبارکباد پیش کی اور ستھرا پنجاب سمیت پنجاب حکومت کے دیگر پراجیکٹس کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ سب کی وزیر اعلی ہوں، مل کر چلیں گے، پنجاب بھر میں 600سڑکوں کی تعمیر ومرمت، 5ایکسپریس ویز اور 3موٹر ویز بنائیں گے، صوبہ بھر میں 100فیصد مفت ادویات اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کر دی جائے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ دیہاتوں اور دور دراز علاقوں میں علاج معالجے کیلئے موبائل ہسپتال اور کلینک آن ویل پراجیکٹ جلد شروع ہو گا، صوبے بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو 6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا، پنجاب بھر میں فراہمی اور نکاسی آب کے امور میں بہتری لانے کیلئے کوشاں ہیں۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ آئندہ 3ماہ میں پنجاب کے 18مزید شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس کو فعال کیا جائے گا، 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لا رہے ہیں، طلبہ کو 20ہزار موٹر بائیکس دی جا رہی ہیں، ہر ضلع میں 3 ہزار بائیکس دی جائیں گی۔

اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی نے کہا کہ پنجاب میں بہتری لانے کی کوشش میں وزیراعلی کے ہمقدم ہیں، آپ کے اقدامات قابل تحسین ہیں، کامیابی کے لئے دعا گو ہیں، آپ کا وزیراعلی بننا ہر خاتون کا اعزاز ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات