ثقافتی تقریبات اور مشاعرے شہر کی رونقوں میں اضافے کا سبب ہیں،میئر کراچی

بلدیہ عظمیٰ کراچی میں عالمی مشاعر کے انعقاد میں ہرممکن تعاون کرے گی، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ساکنان شہر قائد کے وفد سے گفتگو

منگل 2 اپریل 2024 18:10

ثقافتی تقریبات اور مشاعرے شہر کی رونقوں میں اضافے کا سبب ہیں،میئر کراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ثقافتی تقریبات اور مشاعرے شہر کی رونقوں میں اضافے کا سبب ہیں اور کراچی کو ایسی ہی علمی ، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کی ضرورت ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں عالمی مشاعر کے انعقاد میں ہرممکن تعاون کرے گی، آج کے ڈیجیٹل دور میں سماجی تعلقات اور باہمی ملاقات انتہائی ضروری ہے، سوشل میڈیا کے دور اور ٹیکنالوجی کے فروغ نے باہمی روابط کی چاشنی ہم سے چھین لی ہے، عالمی مشاعرہ کراچی کی شناخت ہے جسے کا انعقاد بھرپور انداز میں ہونا چاہئے، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی نے ساکنان شہر قائد کے تحت 29 عالمی مشاعرے کی انتظامی کمیٹی کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا، مشاعرے کے منتظم اعلیٰ محمود احمد خان، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور مشاعرہ کمیٹی کے دیگر ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے،میئر کراچی نے کہا کہ دنیا بھر کے شعراء کی کراچی آمد سے اس شہر کا مثبت تاثر ملتا ہے، شعر و ادب سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو ہر سال اس عالمی مشاعرے کا بے تابی سے انتظار کرتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی عالمی مشاعرے کے کامیاب انعقاد میں ایک میزبان کی حیثیت سے کام کرے گی، میئر کراچی نے مشاعرے کے انتظامات کے حوالے سے سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا تاکہ وہ مشاعرے کے انتظامات میں بہتر سے بہتر بلدیاتی سہولتیں فراہم کرنے میں معاونت کرسکیں، کے ایم سی عالمی مشاعرے کے موقع پر فائربریگیڈ، ریسکیو، سٹی وارڈنز، فیومیگیشن اور صفائی ستھرائی کی فراہمی سمیت دیگر امور انجام دے گی، میئر کراچی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو کراچی میں منعقد ہونے والی علمی و ادبی تقریبات پر فخر کرنا چاہئے اور تندہی ،جوش و جذبے کے ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہئے، کسی بھی کامیاب پروگرام کے انعقاد کے پیچھے مسلسل لگن، محنت اور جدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شہروں اور دنیا کے مختلف ممالک سے جو شعراء کراچی تشریف لائیں گے ان کی بھرپور میزبانی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ ساکنا شہر قائد کی انتظامیہ کو جس طرح کی بلدیاتی سہولیات کی ضرورت ہوگی کے ایم سی انہیں فراہم کرے گی، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں علم و ادب اور تہذیب و ثقافت کو فروغ دینا چاہتی ہے اور شہر کی بہتری اس کی رونقوں میں اضافے کے لئے جو بھی تقریبات منعقد ہوں گی بلدیہ عظمیٰ کراچی اس میں بھرپور تعاون کرے گی، انہوں نے کہا کہ کراچی میں 29ویں عالمی مشاعرے کا انعقاد خوش آئند ہے ، انہوں نے کہا کہ ادبی تقریبات اور مشاعروں میں نوجوان نسل کو شعور و آگاہی ملتی ہے اور شہر کا ایک سافٹ امیج دنیا بھر میں جاتا ہے، منتظم اعلیٰ ساکنا ن شہر قائد محمود احمد خان نے میئر کراچی کو مشاعرے کی میزبانی قبول کرنے اور بھرپور معاونت فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اس مشاعرے میں 25ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے، مشاعرے کے شرکاء کو کراچی میں خوش آمدید کہنے کے لئے شہر بھر میں بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے،1989 سے شروع ہونے والا کراچی شہر کا یہ سب سے بڑا مشاعرہ ہوتا ہے جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممتاز شعراء کرام شرکت کرتے ہیں، یہ مشاعرہ 20 اپریل کو ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگا۔