Live Updates

حکومت پنجاب کا بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ضلعی سطح پر ٹاسک فورس بنانےکا فیصلہ

بجلی چوری روکنے اور ریکوری کیلئے قوانین میں ترمیم کی جائے گی، ٹاسک فورس میں 600 سے زائد سپیشل پولیس فورسز ٹیمیں حصہ لیں گی، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 2 اپریل 2024 18:18

حکومت پنجاب کا بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ضلعی سطح پر ٹاسک فورس بنانےکا ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 اپریل مارچ 2024ء) پنجاب میں بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ڈسٹرکٹ لیول ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اصولی منظوری دے دی۔ ٹاسک فورس میں پولیس، مجسٹریٹ، انٹیلی جنس، ریکوری، ڈی آفس، پراسیکیوشن اور محکمہ قانون کے نمائندے شامل ہوں گے جبکہ 600 سے زائد سپیشل پولیس فورسز کی ٹیمیں بھی انسداد بجلی چوری مہم میں شامل ہوں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں بجلی چوری کی روک تھام کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بجلی چوری سے متعلق قانونی امور کا جائزہ لیا گیا اور لاہور سمیت تمام اضلاع میں بجلی چوری کی مفصل رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں بجلی چوری کے مقدمات میں مضبوط اور موثر پراسیکیویشن کی ہدایت کی گئی، بجلی چوری روکنے اور ریکوری کے لئے قوانین میں ترمیم کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، آئی جی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز اور دیگر حکام موجود تھے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو عوامی مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا اور ڈویلپمنٹ کے لئے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ارکان اسمبلی کی تجاویز اورسفارشات نوٹ کیں اور قابل عمل تجاویز پرعملدر آمد کے لئے موقع پر احکامات جاری کیے۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو مبارکباد پیش کی۔ ستھرا پنجاب اوردیگرپراجیکٹس کو سراہا جس پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، مل کر چلیں گے۔

انہوں نے  بتایا کہ پنجاب بھر میں 600روڈ کی تعمیر ومرمت،5ایکسپریس وے اور3موٹر ویز بنائیں گے۔ صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔دیہات اوردوردراز علاقوں میں علاج کیلئے موبائل ہسپتال اورکلینک آن ویل پراجیکٹ جلد شروع ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبہ بھر کے دیہی اوربنیادی مراکز صحت کو6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔

پنجاب بھر میں فراہمی اور نکاسی آب کے امور میں بہتری لانے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں آئندہ 3 ماہ میں 18 شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع ہو گا۔ 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں۔ طلباء کو 20 ہزار موٹر بائیکس دی جا رہی ہیں، ہر ضلع میں 3 ہزار بائیکس دی جائیں گی۔ پنجاب میں ایک لاکھ گھر کم آمدن والے افراد کو دیں گے۔

ارکان اسمبلی نے ملاقات میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو یقین دلایا کہ کہ پنجاب میں بہتری لانے کی کوشش میں ہمقدم ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے اقدامات قابل تحسین ہیں،کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ خواتین ایم پی ایز نے کہا کہ مریم نواز شریف کا پہلی وزیر اعلیٰ بننا ہر خاتون کا اعزاز ہے۔ ملاقات کرنے والوں میں ٹکٹ ہولڈر سعود مجید،ایم پی اے خالد ججہ شامل تھے۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین، راجہ محمد اسلم خان، خالد جاوید اصغر گھرال، مدد علی شاہ، چوہدری اعجاز احمد، حسن عسکری شیخ، تاشفین صفدر، سلمی سعید،سیدہ ثمرین تاج نے ملاقات کی۔ سید علی حیدر گیلانی، ندیم افضل چن، ملک واصف مظہر، محمد اقبال، غضنفر علی خان، عامر علی شاہ، قاضی احمد سید،سردار حبیب الرحمن خان، ریئس نبیل احمد،میاں علمدار عباس قریشی،شازیہ عابد، نیلم جبار چوہدری، نرگس فائزہ ملک رابعہ نذیر اور دیگر نے بھی ملاقات کی۔ محمد اور رنگ زیب،پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی ذیشان ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات