Live Updates

مصری صدر السیسی نے تیسری مدت کے لیے حلف اٹھا لیا

DW ڈی ڈبلیو منگل 2 اپریل 2024 19:40

مصری صدر السیسی نے تیسری مدت کے لیے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 02 اپریل 2024ء) گزشتہ ایک دہائی سے اقتدار میں موجود 69 سالہ سابق آرمی چیف عبدالفتاح السیسی اب 2030 تک عرب دنیا کے اس سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے ملک کے صدر رہیں گے۔

آج منگل دو اپریل کو ملکی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے السیسی نے عہد کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ وفادار رہیں گے اور یہ کہ ان کی نگاہیں صرف عوام اور ملک کے مفادات کو دیکھ رہی ہیں۔

معاشی بحران کے شکار مصر میں سعودی عرب کی دلچسپی کیوں؟

مصر میں مہنگائی کی حالیہ شرح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ایک ایسے وقت میں جب مصر اربوں ڈالر کے غیر ملکی قرضوں اور سرمایہ کاری کی مدد سے گہرے معاشی بحران سے نمٹنے کی کوشش میں ہے، السیسی نے ''ایک جدید، جمہوری ریاست کی تعمیر کے لیے مصری قوم کی امنگوں کو پورا کرنے‘‘ کا وعدہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دسمبر میں ہونے والے انتخابات میں 89.6 فیصد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی، لیکن ان کے حریف امیدواروں کو یا تو جیل بھیج دیا گیا تھا یہاں پھر وہ بہت ہی غیر معروف شخصیات تھیں۔

چھ سال کی موجودہ مدت، السیسی کے لیے بطور صدر آخری مدت ہوگی، بشرطیکہ وہ اس مدت میں اضافے کے لیے ایک بار پھر آئینی ترمیم کی مدد نہیں لیتے۔

حلف اٹھانے کے بعد پارلیمان سے اپنے خطاب میں السیسی نے کہا کہ وہ ''قوم کی تعمیر کے راستے پر آگے بڑھانے کے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں۔

‘‘

عبدالفتاح السیسی 2013 میں وزیر دفاع اور ملکی فوج کے سربراہ تھے جب انہوں نے اس کے وقت کے منتخب شدہ صدر محمد مرسی کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کو بنیاد بنا کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔

السیسی اس کے بعد گلے برس اور پھر 2018 میں صدر منتخب ہوئے اور دونوں مرتبہ انہیں تقریباﹰ 97 فیصد ووٹ ملے۔

سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ السیسی کی تیسری مدت صدارت شروع ہونے کے ساتھ ہی ملکی کابینہ میں ردوبدل کیا جائے گا تاہم حکومت کی طرف سے ابھی تک اس کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق منگل کے روز ہونے والی حلف برداری کے موقع پر قاہرہ کے مشرق میں صحرا میں واقع مصر کے نئے انتظامی دارالحکومت کا افتتاح بھی کیا گیا۔

58 ارب ڈالر مالیت کے اس میگا پراجیکٹ کے لیے بڑے پیمانوں پر لیے گئے قرضوں کو ملک میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ا ب ا/ک م (اے ایف پی، اے پی)

Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات