Live Updates

6 ججز کو زہریلے مواد کے خطوط بھیجنے کا مقصد دھمکانا اور خط سے دستبردار کروانا ہے

ان ججز اور اہلِ خانہ کی سلامتی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، چیف جسٹس سپریم کورٹ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بلاتاخیر فل کورٹ کے سپرد کریں۔ ترجمان پی ٹی آئی کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 2 اپریل 2024 19:40

6 ججز کو زہریلے مواد کے خطوط بھیجنے کا مقصد دھمکانا اور خط سے دستبردار ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 اپریل مارچ 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ 6 ججز کو زہریلے مواد کے خطوط بھیجنے کا مقصد دھمکانا اور خط سے دستبردار کروانا ہے، ان ججز اور اہلِ خانہ کی سلامتی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ایکس پر جاری بیان میں پاکستان تحریک انصاف نے ججز کو دھمکانے کے معاملے کی فوری اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ بادی النظر میں مہلک زہریلے مواد پر مشتمل خطوط کا واضح مقصد ہائیکورٹ کے ججز کو دھمکانا اور انہیں سپریم جیوڈیشل کونسل کو بھجوائے گئے خط سے دستبردار کروانا ہے، ان خطوط کی ترسیل کے بعد عدلیہ میں مداخلت کے معاملے کی فیصلہ کن تحقیقات اور کارروائی کی ضرورت کئی گنا بڑھ گئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے خط تحریر کرنے والے 6 ججز اور ان کے اہلِ خانہ کی سلامتی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

مداخلت اور بدمعاشی کے مؤثر تدارک اور عدلیہ کو ایسے خطرات سے محفوظ بنانے کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان معاملے کو بلاتاخیر فل کورٹ کے سپرد کریں اور کھلی کارروائی کے ذریعے اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ مزید برآں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو زہر دینے کے معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جھوٹے اور بےبنیاد مقدمات میں ناجائز طور پر قید میں رکھا ہوا ہے۔

ایکس پر جاری ترجمان پی ٹی آئی کے بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے محترمہ بشریٰ بی بی کی فوری رہائی اور خصوصی طبّی معائنے کا مطالبہ کیا ہے، بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے معاملے کی فوری تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی محترمہ ایلیہ بالکل لغو، جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں بالکل ناجائز طور پر قید میں ہیں، دورانِ قید دونوں بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کی سلامتی کو خطرے میں ڈال کر ان کے بنیادی حقوق غصب کئے جارہے ہیں، بشریٰ بی بی کو ہدف بنانے کا واحد مقصد بانی چیئرمین عمران خان کے حوصلوں کو توڑنا اور انہیں جھکنے پر مجبور کرنا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ کھانے میں زہریلے مواد کے باعث محترمہ بشریٰ بی بی کی صحت و سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات نہایت تشویش کا باعث ہیں، بشریٰ بی بی کو فوراً رہا کیا جائے اور انہیں شوکت خانم اسپتال میں موجود ان کے قابلِ بھروسہ ڈاکٹرز سے فوری طبّی معائنے کا بنیادی حق دیا جائے، بشریٰ بی بی کوکسی قسم کا گزند پہنچا تو ذمہ دار جیل انتظامیہ/حکام اور ریاست ہوں گے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم کی حقیقی آزادی، دستور کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے بے مثال استقامت دکھانے پر بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی محترمہ اہلیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
Live پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق تازہ ترین معلومات