صوبہ سندھ، سینیٹ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 10نشستوں پر کامیاب ، ایم کیو ایم (پاکستان) اور آزاد امیدوار کی ایک ایک نشست پر کامیابی

منگل 2 اپریل 2024 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) صوبہ سندھ سے سینیٹ کی 12 نشستوںپرانتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 10نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ، ایم کیو ایم (پاکستان) کو ایک نشست حاصل ہوئی جبکہ ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب قرار پایا۔صوبائی الیکشن کمیشن سندھ کے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے انتخابات کے لئے پولنگ منگل کو سندھ اسمبلی میں منعقد ہوئی۔

7 جنرل نشستوں پر انتخاب کے لئے ووٹڑز کی کل تعداد 164 تھی جن میں سے 154 اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ڈالے گئے ووٹوں میں سے ایک ووٹ مسترد کیا گیاْ۔الیکشن کمیشن نے 7 جنرل نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے اشرف علی جتوئی،دوست علی جیسر،سید کاظم علی شاہ، سید مسرور احسن اور ندیم احمد بھٹوکوکامیاب قرار دیا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم (پاکستان) عامر ولی الدین چشتی اور آزاد امیدوار ایم فیصل واوڈا بھی سینیٹرمنتخب ہوگئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے سید مسرور احسن اور دوست علی جیسر کو 23، 23، اشرف علی جتوئی اور سید کاظم علی شاہ کو 22، 22 جبکہ ندیم احمد بھٹو کو21ووٹ حاصل ہوئے۔ ایم کیو ایم (پاکستان) عامر ولی الدین چشتی اور آزار امیدوار ایم فیصل واوڈا نے بھی 21،21 ووٹ حاصل کئے۔

خواتین کی دو نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کی روبینہ قائم خانی اور قرة العین مری کامیاب قرار پائیں، جنہیں بالترتیب 58 اور59 ووٹ ملے۔ ٹیکنوکریٹس اور علماء کی دونوں نشستیں بھی پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین نے حاصل کیں اور اس کے امیدوار سرمدعلی58 اور ضمیر حسین گھمرو59 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔اقلیتوں کی ایک نشست پرپاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے امیدوار پونجوکو کامیابی حاصل ہوئی اور انہوں نے 117ووٹ حاصل کئے۔