بلدیاتی انتخابات کے لئے فنڈز کا بندوبست ہوگیا ہے، وزیر بلدیات گلگت بلتستان

بدھ 3 اپریل 2024 14:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2024ء) وزیر بلدیات گلگت بلتستان حاجی عبد الحمید نے کہاہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے فنڈز کا بندوبست ہوگیا ہے حد بندی اور حلقہ بندی کے 75 فیصد امور بھی نمٹائے گئے ہیں انتخابات کے انعقاد کے لئے ایک ارب 10 کروڑ روپے درکار تھے جو وفاق نے فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابات رواں سال مئی یا جون میں کرانے کی کوشش کریں گے ،چیف الیکشن کمشنر بھی اس سلسلے میں بالکل سنجیدہ ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی عبدالحمید نے کہاکہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے بہت مواقع موجود ہیں ، سیاحت کو فروغ دے کرغربت ختم ہو جائے گی، لوگ معاشی طورپر خوشحال ہوں گے، کچھ انتظامی مسائل کی وجہ سے سیاحوں کو یہاں آنے میں دقت ہورہی ہے ان انتظامی مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو کچھ سالوں کے لئے ٹیکس سے استثنیٰ ملنا چاہیے تاکہ ہر جگہ سے لوگ سرمایہ کاری کیلئے یہاں کا رخ کرسکیں ۔