پاکستان میں ہونے والے حملوں کے شعلے افغانستان بھی پہنچ رہے ہیں، افغان وزیر

پاکستان مذاکرات سے اپنا مسئلہ حل کرے ،افغانستان کے نائب وزیر داخلہ محمد نبی عمری کا بیان

بدھ 3 اپریل 2024 17:24

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) افغانستان کے نائب وزیر داخلہ محمد نبی عمری نے پاکستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مذاکرات سے اپنا مسئلہ حل کرلے کیونکہ کہ پاکستان میں تشدد کے واقعات کے شعلے افغانستان بھی پہنچ رہے۔

(جاری ہے)

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان وزیر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور ان بھائیوں کو بھی مشورہ دیتا ہوں کہ جنگیں ہم نے دیکھ لی ہیں، انقلابات ہم نے دیکھ لئے ہیں، جنگیں اور انقلابات بیوائیں پیدا کرتی ہیں، یتیم پیدا کرتے ہیں، ملک تباہ ہوتے ہیں ، اقتصاد ختم ، نظام تباہ ہوجاتا ہے، آپ مذاکرات کریں اور اپس میں صلح کرلیں ۔

انہوں نے پاکستان سے لڑنے والوں کو بھائی کہتے ہوئے کہا کہ خواہ وہ لڑائی کو جہاد یا جنگ کہتے ہیں، ان کے کام میں ہم مداخلت نہیں کرتے، ان کو بھی ہمارا یہ مشورہ ہے کہ اگر اپ 100 سال بھی لڑے اور کامیاب بھی ہوجائے اور وزیر دفاع یا وزیر داخلہ بن جائے تو ہمیں اس سے کیا،پاکستان میں لڑائی ہمارے لئے مشکلات پیدا کررہی ہے اور آگ کے شعلے افغانستان پہنچ رہے ہیں۔