وفاقی افسر شاہی: پنجاب کے افسران کا غلبہ اور اس کے اسباب

DW ڈی ڈبلیو بدھ 3 اپریل 2024 20:20

وفاقی افسر شاہی: پنجاب کے افسران کا غلبہ اور اس کے اسباب

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 03 اپریل 2024ء) پاکستان کی قومی اسمبلی میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے یہ بھی بتایا گیا کہ سات سیکرٹریز کا تعلق دیہی سندھ اور تین کا شہری سندھ سے ہے جب کہ دو کا خیبر پختونخوا سے ہے۔ بلوچستان سے ایک بھی وفاقی سیکرٹری نہیں ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے یہ جواب رکن قومی اسمبلی شہلا رضا کے سوال پر دیا گیا۔

ان انکشافات پر وفاقی افسر شاہی میں ایک واضح عدم توازن کا تاثر ابھر رہا ہے۔

کچھ سابق بیوروکریٹس کے مطابق حساس اداروں کی انٹیلیجنس رپورٹیں، وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار، وفاقی وزراء کی من مانیاں اور سماجی اور معاشی ترقی میں عدم توازن وہ چند وجوہات ہیں، جو اس عدم توازن کی ذمہ دار ہیں۔

ملازمتیں اور کوٹہ

وفاق کی افسر شاہی کے لیے ہر سال مسابقت کے امتحانات ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کی نووا سی ایس ایس اکیڈمی کی ویب سائٹ کے مطابق ان امتحانات کے بعد ملازمت میں پنجاب کا کوٹا 50 فیصد ہے۔ سندھ کا 19 فیصد، خیبر پختونخوا کا 11.5 فیصد ہے جبکہ بلوچستان کا چھ فیصد ہے۔ گلگت بلتستان اور سابقہ فاٹا کا کوٹا چار فیصد اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا کوٹا دو فیصد ہے۔ ان امتحانات کے بعد میرٹ پر بھرتیوں کا کوٹا سات اشاریہ پانچ فیصد ہے۔

صوبے اور علاقے کے کوٹے میں 10 فیصد خواتین اور پانچ فیصد اقلیتوں کے لیے بھی مختص ہے۔

عدم توازن کی وجوہات

سابق سیکرٹری برائے منصوبہ بندی فضل اللہ قریشی کا کہنا ہے کہ حساس اداروں کی رپورٹ اس عدم توازن کی وجوہات میں سے ایک ہے۔ فضل اللہ قریشی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''گریڈ 19 سے گریڈ 22 تک انٹیلیجنس رپورٹوں کا عمل دخل ہوتا ہے۔

ان رپورٹوں میں صرف یہ لکھ دیا جاتا ہے کہ اس شخص کی ساکھ اچھی نہیں ہے یا یہ اس قابل نہیں ہے اور اس بنیاد پر اس افسر کو ترقی سے محروم کیا جا سکتا ہے۔‘‘

فضل اللہ قریشی کے مطابق ذاتی پسند ناپسند، تعلق و رشتہ داری اور جان پہچان بھی ان ترقیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں: ''حالانکہ ایک مرکزی سلیکشن بورڈ ہوتا ہے لیکن وزیراعظم جس کو چاہے سیکرٹری بنا سکتا ہے۔

‘‘

پنجاب کی زیادہ نمائندگی

فضل اللہ قریشی کا خیال ہے کہ پنجاب کی زیادہ نمائندگی اس لیے ہے کیونکہ زیادہ تر وزرائے اعظم اور وفاقی وزیروں کا تعلق پنجاب سے ہوتا ہے: ''اور ہر وزیر چاہتا ہے کہ اسے سیکرٹری جان پہچان کا ملے۔ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے لوگوں سے ان کی اتنی واقفیت نہیں ہوتی اور وزیراعظم بھی ترقیاں دیتے وقت ذاتی جان پہچان کو پیش نظر رکھتے ہیں۔

‘‘

جاوید حنیف خان کے مطابق ذاتی پسند ناپسند کے علاوہ پنجاب سے میرٹ پر زیادہ لوگ منتخب ہو کر آتے ہیں۔

پنجاب کی اکثریت لسانی مسئلہ نہیں

پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی سابق سربراہ ثمینہ وقار کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پنجاب کی اکثریت کی وجہ کوئی لسانی مسئلہ ہے۔ ثمینہ وقار نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''میرا خود تعلق سندھ سے ہے اور میرے خیال میں سندھ کے زیادہ تر افسران اسلام آباد آنا نہیں چاہتے یا وہ گریڈ 18 کے بعد اسلام آباد آنے کی کوشش کرتے ہیں۔

‘‘

ثمینہ وقار کے مطابق پنجاب کے افسران گریڈ 17 سے ہی وفاقی اداروں میں کام کرنا شروع کر دیتے ہیں: ''اور مختلف مقامات پر خدمات انجام دیتے ہیں اس لیے ان کی جان پہچان بھی وزیروں سے بہتر ہوتی ہے اور انہیں وفاقی افسر شاہی کے کام کی سوجھ بوجھ بھی بہت اچھی ہوتی ہے۔‘‘

توازن کیسے قائم کیا جائے؟

فضل اللہ قریشی کا کہنا ہے کہ نہ صرف وفاقی وزارتوں میں بلکہ سو سے زیادہ سرکاری اکائیوں میں بھی صوبائی کوٹہ نافذ کیا جائے اور اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔

رکن قومی اسمبلی شہلا رضا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو میرٹ کا اصول پیش نظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''اگر کوئی کوٹے پر آ جائے اور اس کو وہ ٹیکنیکل کام نہ آئے جو کسی وزارت کے لیے ضروری ہے تو وفاقی وزیر کیسے کام کرے گا۔‘‘

ثمینہ وقار کے مطابق میرٹ کے سسٹم کو فروغ دینے کے علاوہ چھوٹے صوبے کے افسران کو اسلام اباد اور دوسری جگہوں پر فرائض انجام دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے: ''وفاقی افسر شاہی کے کئی امور کو سمجھنے کے لیے وقت لگتا ہے اس لیے اگر وہ دیر سے اسلام آباد آئیں گے، تو ترقیوں میں یقینا مسائل ہوں گے۔‘‘