Live Updates

حقیقی آزادی مارچ،عمران خان، شیخ رشید و دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

جمعرات 4 اپریل 2024 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2024ء) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے حقیقی آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمات میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان، سابق وفاقی وزیر شیخ رشید و دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ جج ملک عمران نے ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا، اس موقع پر شیخ رشید عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بریت کی درخواست دائر کی۔

ان کے علاوہ شریک ملزمان و رہنما پی ٹی آئی علی نواز اعوان، صداقت علی عباسی، پی ٹی آئی کے وکلا سردار مصروف ایڈووکیٹ ، آمنہ علی، رضوان اختر اعوان اور مرزا عاصم ایڈووکیٹ بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔وکیل سردار مصروف ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال فروری میں بریت کی درخواست دائر کی تھی، ہم اس کیس میں بریت کی درخواست پر آج دلائل دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر جج ملک عمران نے ریمارکس دیے کہ صداقت عباسی، علی نواز اعوان اور شیخ رشید کے چالان عدالت میں آگئے ہیں۔وکیل نے کہا کہ یہ ایف آئی آر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے تحت درج کی گئی ہے، اس مقدمے میں کوئی شواہد موجود نہیں ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج وغیرہ کچھ بھی موجود نہیں ہے، متعلقہ بندے کی طرف سے مقدمہ درج کروایا ہی نہیں گیا ہے۔یاد رہے کہ اس کیس میں پرویز خٹک، اسد قیصر، اسد عمر، علی امین گنڈاپور بھی شریک ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں، ملزمان کے خلاف آزادی مارچ سے متعلق تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات